جمشید دستی نااہلی کیس،حلقہ این اے 175 میں ضمنی الیکشن کا شیڈول معطل

بدھ 30 جولائی 2025 16:57

جمشید دستی نااہلی کیس،حلقہ این اے 175 میں ضمنی الیکشن کا شیڈول معطل
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2025ء) لاہور ہائیکورٹ کے فل بینچ نے تحریک انصاف کے رہنما جمشید دستی کی الیکشن کمیشن کی جانب سے نااہلی کے خلاف درخواست پر جمشید دستی کے حلقہ این اے 175 میں ضمنی الیکشن کا شیڈول معطل کردیا،عدالت نے الیکشن کمیشن سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کردیے۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں تین رکنی فل بینچ نے جمشید دستی کی درخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کی جانب سے اشتیاق چوہدری پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ سپیکر قومی اسمبلی کو مخالف امیدوار نے درخواست دی ،سپیکر نے الیکشن کمیشن کو ریفرنس بھجوایا جس پر نوٹس ہوا جبکہ سپریم کورٹ کا فیصلہ ہے کہ الیکشن کمیشن بغیر کسی عدالتی ڈکلیریشن کے کسی کو خود سے نااہل نہیں کرسکتا ۔موجودہ کیس میں الیکشن کمیشن نے بغیر کسی عدالتی ڈکلیریشن کے درخواست گزار کو نااہل کیا۔ چیف جسٹس عالیہ نیلم نے ریمارکس دیے کہ میں نے پوری درخواست ،الیکشن کمیشن کا فیصلہ سب کچھ پڑھ لیا ہے۔ عدالت نے این اے 175 میں ضمنی الیکشن کا شیڈول معطل کردیااور الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کردیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر عدالتی معاونت کے لیے اٹارنی جنرل کو بھی نوٹس جاری کردیا۔