لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں مزید بارش کا امکان، اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے،ترجمان پی ڈی ایم اے

بدھ 30 جولائی 2025 17:26

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2025ء) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں مزید بارش کا امکان ہے،لاہور ،گوجرانولہ اور راولپنڈی میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے ۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں صوبائی دارالحکومت لاہور، قصور، شیخوپورہ ،منڈی بہاوالدین، جہلم ،گوجرانوالہ ،گجرات اور سیالکوٹ میں شدید بارش متوقع ہے،جس کے باعث لاہور،راولپنڈی اور گجرانوالہ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کی جانب سے صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے کہ دریائے راوی ،چناب،جہلم اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے ۔ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ نارووال نالہ بیئں میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے جبکہ نالہ اوج، بیئں اور دیگر ولنرایبل پوائنٹس پر ضلعی انتظامیہ سول ڈیفنس اور ریسکیو ٹیمیں الرٹ ہیں۔

(جاری ہے)

دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ کے مقام پر پانی کے بہائو میں اضافہ متوقع ہے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے متعلقہ محکمے الرٹ رہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبائی کنٹرول روم سمیت تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے اور کنٹرول روم میں صورتحال کی مانیٹرنگ مسلسل جاری ہے۔ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے مزید کہا کہ 1122 اور واسا سمیت دیگر ریسکیو ادارے مشینری سمیت عملے کو الرٹ رکھیں اور نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کو جلد از جلد ممکن بنائیں۔

مون سون بارشوں کا یہ سلسلہ31 جولائی تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے ۔شہری موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں،غیر ضروری سفر سے گریز کریں،بجلی کے کھمبوں اور لٹکتی تاروں سے دور رہیں۔شہری کچے مکانات اور بوسیدہ عمارتوں سے دور رہیں،بچوں کا خاص خیال رکھیں اور انہیں نشیبی علاقوں میں جمع پانی کے قریب ہرگز نہ جانے دیں،کسی بھی ایمرجنسی میں مدد کیلئے پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن1129 پر کال کر سکتے ہیں۔