Live Updates

سیلاب زدگان کی خدمت سیاست سے بڑھ کر ہے،پی ٹی آئی رہنماؤں کا مشترکہ بیان

حکومت فوٹو سیشن کے بجائے حقیقی ریلیف فراہم کرے، پی ٹی آئی اراکین اسمبلی

اتوار 14 ستمبر 2025 19:40

سیلاب زدگان کی خدمت سیاست سے بڑھ کر ہے،پی ٹی آئی رہنماؤں کا مشترکہ ..
ٓ رحیم یارخان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 ستمبر2025ء)پاکستان تحریک انصاف کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی چودھری جاوید اقبال وڑائچ، میاں غوث محمد، چودھری آصف مجید، چودھری نعیم شفیق، صائمہ کنول، جام امان اللہ، چودھری سجاد وڑائچ، چودھری اعجاز شفیع اور ڈاکٹر فیصل جمیل نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پنجاب اس وقت سیلاب کی زد میں ہے اور ہمیں سیاست سے بالاتر ہو کر متاثرین کی خدمت کرنا ہوگی۔

انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فوٹو سیشن کے بجائے حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ سیلاب قدرتی آفت ہے لیکن انتظامیہ کی غفلت اور بروقت اقدامات نہ کرنے پر بھی تحقیقات ہونی چاہئیں۔ ح پی ٹی آئی رہنماؤں نے کہا کہ ہمارے کارکنان کو امدادی کاموں سے روکا جا رہا ہے جبکہ اس وقت سیاست کی نہیں بلکہ انسانیت کی خدمت اولین ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں کسانوں کے زرعی قرضے معاف کیے جائیں، بجلی اور گیس کے بلوں میں رعایت دی جائے، اسکول فیسیں معاف ہوں اور متاثرین کو ہر ممکن ریلیف دیا جائے کیونکہ ان کی زندگیاں اور اثاثے تباہ ہو چکے ہیں۔ان رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف عوامی حقوق کی ترجمان جماعت ہے اور وہ اپنے سیلاب متاثرہ بھائیوں کی مدد کے لیے ہر وقت تیار ہے۔ ان کا عزم ہے کہ عوامی حقوق کی فراہمی کے لیے ہر فورم پر جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات