پشاور میں ادارہ شماریات اور اقوام متحدہ کے اشتراک سے ورکشاپ جاری،پالیسی سازی میں شماریاتی ڈیٹا کے مؤثر استعمال کو فروغ دینے کا عزم

بدھ 30 جولائی 2025 23:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2025ء)پاکستان ادارہ شماریات (پی بی ایس) اور اقوام متحدہ کا فنڈ برائے آبادی (یو این ایف پی ای) کے اشتراک سے پشاور کے مقامی ہوٹل میں ''ڈیٹا کی تشریح اور استعمال'' کے موضوع پر تربیتی ورکشاپ بدھ کو بھی جاری رہی۔ ورکشاپ کا مقصد ڈیٹا پر مبنی منصوبہ بندی اور فیلصلہ سازی کو فروغ دینا ہے تاکہ ادارہ شماریات کے ڈیٹابینک سے مؤثر اور بھرپور استفادہ کیا سکے۔

ورکشاپ کے دوسرے روز شرکاء کو نیشنل اکاؤنٹس، لیبر فورس، اکنامک مردم شماری، موضع شماری اور زراعت شماری کے ذریعے شواہد پر مبنی پالیسی سازی میں ڈیٹا کے کردار پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر پاکستان ادارہ شماریات کی جانب سے متحرک ڈیش بورڈز کی لائیو پیشکش بھی کی گئی جس میں بصری شماریات، انڈیکیٹرز اور تاریخی ڈیٹا سیریز کو مؤثر انداز میں پیش کیا گیا۔

(جاری ہے)

شرکاء نے عملی مشقوں کے ذریعے سیکھا کہ پالیسی سازی میں ڈیٹا کو کیسے مؤثر انداز میں استعمال کیا جا سکتا ہے اور ڈیٹا کی راہ میں حائل چیلنجز سے کیسے نمٹا جائے۔ ورکشاپ میں موقع پر قائم کردہ ڈیٹا ڈسیمینیشن ڈیسک کے ذریعے شرکاء کو آبادی، تعلیم، صحت، معاشی و سماجی اشاریے، تجارت، صنعت اور لیبر فورس سے متعلق حسبِ ضرورت ڈیٹا فراہم کیا گیا۔خیبرپختونخوا کے مختلف محکموں کے سینئر افسران، منصوبہ سازوں اور ماہرین کی استعداد کار بڑھانے کیلئے یہ ورکشاپ صوبائی سطح پر شواہد پر مبنی منصوبہ بندی، بین الاادارہ جاتی تعاون اور مؤثر مالیاتی فیصلوں کی راہ ہموار کرے گی اور ایک باخبر و مستحکم پالیسی سازی کا کلچر فروغ دے گی۔