دوستانہ کاروباری ماحول کی وجہ سے معاشی نمو درست سمت چل رہی ہے، ڈاکٹر احسان بھٹہ

بدھ 30 جولائی 2025 20:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2025ء) سیکرٹری پرائس کنٹرول اینڈ کموڈٹیز مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے پاکستان میں معیشت کو فروغ دینے کے لیے حکومت کے عزم پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دوستانہ کاروباری ماحول کی وجہ سے معاشی نمو درست سمت چل رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو مارکیٹنگ ایسوسی ایشن آف پروفیشنلز پاکستان (ایم اے پی) اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی ائی) کے زیر اہتمام ''مارکیٹنگ ہیریٹیج: ثقافت، تاریخ اور سیاحت کو اقتصادی اثاثوں میں تبدیل'' کے عنوان سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سیمینار میں نائب صدر ایف پی سی سی آئی ذکی اعجاز، ڈائریکٹر جنرل لاہور ٹی ڈی اے پی رافعہ سید، سابق ایم ڈی پی ٹی ڈی سی مسعود علی خان، صدر اور سی ای او کوتھم گلوبل (یو کے) احمد شفیق، تاریخ دان اور سابق ڈائریکٹر میوزیم ڈاکٹر اقبال بھٹہ، ایڈیشنل ڈی جی کے پی-سی وی ای اور ایڈوائزر نیشنل ہیریٹیج، آئی ڈی پی سی آئی اور ایڈوائزر محمد اقبال بھٹہ، افیئرز ڈسکور پاکستان ٹی وی انس فاروقی، سی ای او امپیکٹ سلوشنز سعدیہ حنیف، اور بانی ایس آئی ڈی (سسٹینیبل انٹروینشن ڈرائیو) زیرکا طاہر اور دیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب کے دوران ڈاکٹر احسان بھٹہ نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ یہ سیمینار اقتصادی ترقی کے لیے ثقافتی اور تاریخی اثاثوں سے فائدہ اٹھانے کے طریقے تلاش کرنے کے لیے اہم اسٹیک ہولڈرز کو اکٹھا کرے گا۔ انہوں نے پنجاب میں چھ کاروباری سہولت مراکز کے قیام کا ذکر کیا جو کاروباری رجسٹریشن، لائسنسنگ اور کاروباری اداروں اور چھوٹے کاروباروں کو ریگولیٹری تعمیل میں معاونت جیسی ضروری خدمات فراہم کرنے کے لیے ڈیزائن کیے گئے ہیں۔ ڈاکٹر بھٹہ نے شرح مبادلہ کو مستحکم کرنے اور محصولات کی وصولی میں اضافے کے لیے حکومت کے اقدامات کے بارے میں بھی بتایا جس کا مقصد پائیدار اقتصادی ترقی، غربت میں کمی اور معیار زندگی کو بہتر بنانا ہے۔