ڈپٹی کمشنر لورالائی میران بلوچ کی زیرصدارت ضلع میں ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اہم مشاورتی اجلاس کا انعقاد

بدھ 30 جولائی 2025 20:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنر لورالائی میران بلوچ کی زیرصدارت ضلع لورالائی میں ترقیاتی منصوبوں سے متعلق ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نورعلی کاکڑ،فرزند ایم پی اے اجمل خان اوتمانخیل،ایف سی میجرحسن،ایکسین پی ایچ ای محمد علی،ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کلیم اللہ مندوخیل،ایس ڈی اوسردار قیوم کبزئی سمیت عوامی نمائندوں، مقامی معتبرین، بلدیاتی اداروں کے نمائندگان اور مختلف سرکاری محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کا مقصد ترقیاتی سکیموں کی مؤثر منصوبہ بندی، مقامی ضروریات کا تعین اور ترقیاتی عمل میں عوامی شراکت داری کو فروغ دینا تھا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر میران بلوچ نے شرکاء کو آگاہ کیا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے رواں مالی سال کے پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام (PSDP) میں ضلع لورالائی کے لیے متعدّد اہم سکیمیں شامل کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ ان منصوبوں کی تیاری میں مقامی تجاویز اور عوامی ترجیحات کو اولین حیثیت دی جائے گی تاکہ ترقی کے ثمرات نچلی سطح تک مؤثر طریقے سے پہنچ سکیں ۔

انہوں کہا کہ صحت، تعلیم، صاف پانی ، کھیل کے میدان،فٹسال گروانڈ،باچا خان چوک، یاد گار شہیدا، کار توس توپ چوک کو بہترین مونمنٹ بنایاجائے گا ۔ شرکاء کی متفقہ رائے تھی کہ نئے منصوبے شروع کرنے کی بجائے پہلے سے جاری منصوبوں کو مکمل کیا جائے تاکہ وسائل کا ضیاع نہ ہو اور ترقی کا عمل پائیدار بنیادوں پر استوار ہو ۔ڈپٹی کمشنر نے یقین دہانی کرائی کہ تمام ترقیاتی منصوبے میرٹ، شفافیت اور ضابطہ اخلاق کے مطابق مکمل کیے جائیں گے۔