اسلام آباد، غیرقانونی کال سینٹرز کیخلاف جاری آپریشن کے دوران سینکڑوں افراد گرفتار

ْپاکستان میں موجود چند کال سینٹرز مالی فراڈ کے بین الاقوامی نیٹ ورک کا حصہ ہونے کا انکشاف

بدھ 30 جولائی 2025 21:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2025ء)این سی سی آئی اے نے غیرقانونی کال سینٹرز کے خلاف جاری آپریشن کے دوران ایک ماہ کے دوران 16 بڑے کال سینٹرز سے سینکڑوں افراد کو گرفتار کرلیا۔ذرائع کے مطابق این سی سی آئی اے کی غیرقانونی کال سینٹرز کے طریقہ واردات پر ابتدائی تحقیقات میں پاکستان میں موجود چند کال سینٹرز مالی فراڈ کے بین الاقوامی نیٹ ورک کا حصہ ہونے کا انکشاف ہوا۔

ذرائع کے مطابق غیرقانونی کال سینٹرز بیرون ملک بیٹھے لوگوں کی پروفائلنگ کرتے ہیں، امریکا، بھارت،پرتگال، یونان جیسے ملکوں کی پروفائلنگ کی جاتی ہے، سوشل میڈیا پروفائل کے تجزیئے کے بعد صارف کے رجحان کا تعین کیا جاتا ہے۔ذرائع کے مطابق گاڑیوں،گھڑیوں،آن لائن شاپنگ، کپڑوں اور سیرو تفریح کے شوقین آسان ہدف ہیں، پاکستانی کال سینٹرز سے پروفائلنگ کا سارا ڈیٹا بیرون ملک منتقل کیا جاتا ہے، بیرون ممالک میں موجود نیٹ ورکس اس ڈیٹا کی مدد سے مالی فراڈ کرتے ہیں، پاکستان میں کال سینٹر بناکر 50سے 500 نوجوانوں تک کو بھرتی کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق کال سینٹرز میں وی پی این کے ذریعے خصوصی سافٹ ویئر استعمال ہوتے ہیں، کال سینٹرز کی تعداد میں اچانک غیرمعمولی اضافے سے متعلقہ ادارے الرٹ ہوئے، کئی کال سینٹرز ایس ای سی پی سے رجسٹریشن کراکے خود کو قانونی ظاہر کرتے ہیں۔این سی سی آئی اے کے حکام نے کہا کہ کئی کال سینٹرز رجسٹریشن کی آڑ میں غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔