ڈیرہ غازی خان میں خوشحال ایکسپریس کی زد میں آ کر محکمہ صحت کی ملازمہ جاں بحق ہو گئی

جمعرات 31 جولائی 2025 12:50

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) ڈیرہ غازی خان میں ٹرین کی زد میں آ کر محکمہ صحت کی ملازمہ جاں بحق ہو گئی۔تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازی خان کے علاقے چٹ روڈ ریلوے پھاٹک پر افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک خاتون خوشحال ایکسپریس کی زد میں آ کر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں۔ریسکیو 1122 کنٹرول روم کو اطلاع موصول ہوتے ہی فوری طور پر موٹر بائیک ایمبولینس اور ایک ریسکیو ایمبولینس جائے حادثہ کی طرف روانہ کی گئی۔

پولیس کنٹرول روم کو بھی واقعہ سے آگاہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

ریسکیو ٹیم کے موقع پر پہنچنے پر معلوم ہوا کہ متاثرہ خاتون موقع پر ہی دم توڑ چکی تھیں۔ متوفیہ کی شناخت شفگتہ بی بی زوجہ اختر کے نام سے ہوئی ہے، جس کی عمر تقریباً 35 سال بتائی گئی ہے۔متوفیہ کا تعلق محکمہ صحت سے تھا اور وہ ڈیوٹی پر ڈیرہ غازی خان آ رہی تھیں۔ ریلوے پھاٹک بند ہونے کی وجہ سے انہوں نے ٹریک کو دوسری طرف سے عبور کرنے کی کوشش کی، اسی دوران خوشحال ایکسپریس کی زد میں آ گئیں۔حادثے میں خاتون کے سر اور دونوں ٹانگوں کو شدید چوٹیں آئیں اور وہ جانبر نہ ہو سکیں۔ لاش کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔