معاونِ خصوصی ہارون اختر خان کا انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کے صدر دفتر کا دورہ

جمعرات 31 جولائی 2025 15:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے جمعرات کوانجینئرنگ ڈیویلپمنٹ بورڈ (ای ڈی بی ) کے مرکزی دفتر اسلام آباد کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سی ای او خدا بخش نے معاونِ خصوصی کا استقبال کیا اور ادارے کے مختلف شعبہ جات اور سہولیات سے آگاہ کیا۔دورے کے دوران معاون خصوصی نے بورڈ کی عمارت، انفراسٹرکچر، ایمرجنسی ایگزٹس اور حفاظتی آلات کا تفصیلی معائنہ کیا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ادارے کا تمام نظام جدید تقاضوں سے ہم آہنگ، مکمل طور پر آن لائن اور ڈیجیٹل ہونا چاہئے تاکہ شفافیت اور کارکردگی میں بہتری لائی جا سکے۔معاون خصوصی نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کا وژن ایک شفاف، میرٹ پر مبنی اور مؤثر نظام کا قیام ہے، ہمیں انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کو بین الاقوامی معیار کا ادارہ بنانا ہے جو انجینئرنگ کے شعبے اور برآمدات میں کلیدی کردار ادا کرے۔

(جاری ہے)

ہارون اختر خان نے واضح کیا کہ عوامی سطح پر ادارے سے متعلق بعض غلط تاثرات پائے جاتے ہیں جنہیں صرف میرٹ، شفافیت اور نتیجہ خیز اقدامات کے ذریعے بدلا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ادارے سے متعلقہ شکایات کے ازالے کے لئے ایک جدید شکایت پورٹل اور ایک بااختیار شکایتی کمیٹی قائم کی جائے گی تاکہ شہریوں اور سٹیک ہولڈرز کی آواز کو سنا جا سکے۔

معاونِ خصوصی نے کہاکہ میں خود انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کی کارکردگی پر مسلسل نظر رکھ رہا ہوں، ہمیں ترقی یافتہ ممالک کی طرح نتائج پر مبنی حکمت عملی اپنانا ہو گی جس میں شفاف عمل، ذمہ داری اور تعاون کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مختلف اداروں اور سٹیک ہولڈرز کے درمیان ہم آہنگی اور اجتماعی کوششوں کے ذریعے ہم نہ صرف ای ڈی بی کو ایک مؤثر ادارہ بنا سکتے ہیں بلکہ پاکستان کی انجینئرنگ صنعت کو بھی عالمی سطح پر نمایاں مقام دلا سکتے ہیں۔