لیسکوچیف انجینئر محمد رمضان بٹ کا کسٹمر سروس سینٹر کا دورہ، صارفین کی شکایات سنیں

جمعرات 31 جولائی 2025 15:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) چیف ایگزیکٹو لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) انجینئر محمد رمضان بٹ نے لیسکو ہیڈ آفس میں قائم کسٹمر سروس سینٹر کا اچانک دورہ کیا اور موقع پر موجود صارفین کی شکایات سنیں اور ان کے فوری ازالے کے احکامات جاری کیے۔اس موقع پر منیجر کمرشل وسیم اقبال اور ایڈیشنل منیجر کسٹمر سروس سینٹر فوزیہ شمیم بھی موجود تھیں۔

منیجر کمرشل وسیم اقبال نے گزشتہ دو ماہ کی کارکردگی رپورٹ چیف ایگزیکٹو کو پیش کی،جس کے مطابق کسٹمر سروس سینٹر میں14,500 صارفین کی شکایات کو کامیابی سے حل کیا گیا۔منیجر کمرشل وسیم اقبال نے مزید بتایا کہ لیسکو کے کسٹمر سروس سینٹرز یومیہ700 سے800 صارفین کی شکایات حل کر رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ سنٹرل،ایسٹرن اور سدرن سرکلز کے سروس سینٹرز کو اپ گریڈ کیا جا چکا ہے جبکہ دیگر سرکلز میں اپ گریڈیشن کا عمل جاری ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایڈیشنل منیجر فوزیہ شمیم نے چیف ایگزیکٹو لیسکو کو بتایا کہ نیپرا کی ہدایات کے مطابق تمام کسٹمر سروس سینٹرز میں خواتین اور سینئر سٹیزنز کے لیے علیحدہ کائونٹرز قائم کیے گئے ہیں جبکہ صارفین کے لیے پنکھے اور ٹھنڈے پانی کی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔منیجر کمرشل نے چیف ایگزیکٹو کا شکریہ ادا کیا کہ ان کی ہدایات پر کسٹمر سروس سینٹرز کو نئے کمپیوٹر سسٹمز فراہم کیے گئے،جس سے صارفین کے مسائل فوری اور موثر طریقے سے حل ہو رہے ہیں۔

چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے کسٹمر سروس سینٹر کے ماحول اور کارکردگی کو سراہا اور ہدایت کی کہ ہر صارف کو بروقت سنا جائے اور ان کے مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے۔اس موقع پر لیسکو چیف انجینئر محمد رمضان بٹ نے لیسکو سکیورٹی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔ڈپٹی منیجر سکیورٹی میجرطاہر زمان نے سکیورٹی کے متعلقہ امور پر چیف ایگزیکٹو لیسکوکو بریفنگ دی، جس پر لیسکو چیف نے ڈپٹی منیجر سکیورٹی میجرطاہر زمان کو احکامات جاری کئے کہ تمام کسٹمر ہمارے لئے محترم ہیں،سکیورٹی سٹاف ان کے ساتھ اخلاق اور نرمی سے پیش آئیں اور انکی مکمل رہنمائی کریں،لیسکو صارفین کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔

متعلقہ عنوان :