وزیراعظم محمدشہباز شریف کی ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ کی کامیاب لانچنگ پر قوم کو مبارکباد

جمعرات 31 جولائی 2025 17:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) وزیراعظم محمدشہباز شریف نے ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ کی کامیاب لانچنگ پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سیٹلائٹ پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ تعاون کی اعلیٰ مثال ہے، دونوں ملکوں کا اشتراک خلاء کی وسعتوں تک پہنچ چکا ہے۔

(جاری ہے)

جمعرات کو ایکس پر اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے سپارکو اور پوری ٹیم کو پاکستان کے جدید ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ کی کامیاب لانچنگ پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباددیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی پاکستان اور چین کے درمیان تعاون کی نئی بلندیوں کو ظاہر کرتی ہے جو سرحدوں سے آگے خلا ء تک پھیل چکا ہے، یہ ہماری مشترکہ سوچ کا مظہر ہے کہ خلائی ٹیکنالوجی کو انسانیت کی بھلائی کے لئے استعمال کیا جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ سیٹلائٹ سی پیک کے لئے بے شمار فوائد کا حامل ہوگا، اس کا استعمال زراعت، شہری منصوبہ بندی، آفات سے نمٹنے، ٹرانسپورٹ نیٹ ورکس کی نقشہ سازی اور مختلف ماحول میں ڈیٹا اکٹھا کرنے کے لئے بھی کیا جا سکے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ ہم اپنے چینی شراکت داروں کے بے مثال تعاون اور پاکستان کے خلائی پروگرام کو آگے بڑھانے میں مدد پر تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔\932