معاونِ خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر شفقت ایاز کا میٹرک امتحانات میں کامیاب طلبہ اور والدین کو خراجِ تحسین، نقل کی روک تھام پر وزیراعلیٰ اور چیف سیکریٹری کو مبارکباد

جمعرات 31 جولائی 2025 18:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر شفقت ایاز نے سال 2025 کے حالیہ ایس ایس سی (میٹرک) اور ایچ ایس سی امتحانات میں شفافیت، مؤثر نگرانی اور نقل کی روک تھام کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور اور چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کو مبارکباد دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2020 کے بعد کورونا وائرس کی وجہ سے امتحانی نظام میں جو غیر سنجیدگی اور نقل کی روش پیدا ہوئی تھی، امسال اس پر قابو پانے کے لیے حکومت نے مؤثر اقدامات کیے، جن کے مثبت نتائج میٹرک امتحانات میں دیکھنے کو ملے ہیں۔ڈاکٹر شفقت ایاز نے میٹرک امتحانات میں کامیاب ہونے والے طلبہ و طالبات اور ان کے والدین کو دل کی گہرائیوں سے خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی ان کی انتھک محنت اور مستقل مزاجی کا نتیجہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایسے طلبہ پاکستان کا فخر اور مستقبل ہیں۔معاونِ خصوصی نے کہا کہ نقل سے حاصل کردہ نمبر وقتی فائدہ ضرور دیتے ہیں، لیکن عملی زندگی میں وہ بے معنی ہوتے ہیں۔ نوجوانوں کو صرف نمبروں کے پیچھے نہیں بلکہ اصل علم اور سیکھنے کے عمل پر توجہ دینی چاہیے کیونکہ کامیابی کا واحد راستہ محنت اور ایمانداری ہے