شجرکاری سے ماحولیاتی تحفظ یقینی ہوجاتا ہے ،صوبائی معاون خصوصی

جمعرات 31 جولائی 2025 18:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے ہائوسنگ ڈاکٹر امجد علی نے گزشتہ روز ہائی رائز فلیٹس حیات آباد پشاور میں پودا لگا کر محکمہ ہائوسنگ کے تحت مون سون شجرکاری مہم 2025 کا آغازکیا۔ اس موقع پر ڈی جی پراؤنشل ہاؤسنگ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمرہ تھے۔ معاون خصوصی برائے ہائوسنگ ڈاکٹر امجد علی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ محکمہ ہائوسنگ خیبر پختونخوا میں جاری مون سون شجرکاری مہم کے دوران 2250 پھلدار پودے جبکہ 6ہزار 7سو 50 دیگر پودے لگانے کیلے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

مزید بتایا گیا کہ جلوزئی ہائوسنگ سکیم میں 2350، ملازئی ہائوسنگ سکیم میں 450، ہائی رائز فلیٹس حیات آباد میں 150، ہنگو ٹائون شپ میں 2ہزار 8سو 50، حویلیہ ٹاون شپ ایبٹ آباد میں 650، میگا سٹی نوشہرہ میں 2 ہزار جبکہ جرما ہائوسنگ سکیم کوہاٹ میں بھی 5سو 50 پودے لگائیں جائیں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر امجد علی کا کہنا تھا کہ عوام شجر کاری مہم میں بھر پور حصہ لے رہی ہیں جو قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ درخت لگانے سے ماحولیاتی تحفظ یقینی ہوجاتا ہے جبکہ سرسبز و پاک صاف ماحول اچھی صحت کا بھی ضامن ہے۔ ڈاکٹر امجد علی کا مزید کہنا تھا کہ محکمہ ہائوسنگ خیبر پختونخوا اپنے تمام ہائوسنگ منصوبوں میں مون سون شجرکاری مہم یقینی بنا رہا ہے۔