یونس ایمرے انسٹیٹیوٹ ترکش کلچرل سنٹر اور نیشنل پریس کلب کے اشتراک سے ایک روزہ ونڈرز آف ترکیہ تصویری نمائش کا انعقاد

جمعرات 31 جولائی 2025 19:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) یونس ایمرے انسٹیٹیوٹ ترکش کلچرل سنٹر اور نیشنل پریس کلب(این پی سی) اسلام آباد  کے اشتراک سے ایک روزہ ونڈرز آف ترکیہ تصویری نمائش کا این پی سی میں انعقادکیا گیا ۔ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی مہمان خصوصی جبکہ پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلو گیسٹ آف آنر تھے جنہوں نے نمائش کا افتتاح کیا اور نمائش میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

اس موقع پر یونس ایمرے انسٹیٹیوٹ کے سربراہ خلیل توکار، پاکستان میں تیکا کے ہیڈ صالح تونا، نیشنل پریس کلب کے صدر اظہر جتوئی، سیکرٹری نیئر علی، فنانس سیکرٹری وقار عباسی، سینئر نائب صدر احتشام الحق سمیت پاکستان میں ترکیہ کے سفارتخانے اور این پی سی کے اہم عہدیداران سمیت صحافیوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ یونس ایمرے انسٹیٹیوٹ ترکش کلچرل سنٹر اور نیشنل پریس کلب نے بہترین تصویری نمائش کا اہتمام کیا ہے جس میں ترکش ثقافت کی بہترین عکاسی کی گئی ہے، پاک ترکیہ دوستی بہت پرانی ہے، ترکیہ کے لوگ بہت مہمان نواز ہیں اور پاکستانیوں کو اپنا بھائی سمجھتے ہیں،ترکیہ نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کی بھرپور سپورٹ کی ہے۔

انہوں نے ترکیہ کے سفیر اور تیکا کے ارباب اختیار کو گورنر ہاؤس پشاور کے دورے کی دعوت دی۔اس موقع پر ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلو کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکیہ برادر اسلامی ممالک ہیں جن کے صحت ، تعلیم، سیاحت، ثفاقت سمیت ہر شعبے میں بہترین تعلقات قائم ہیں، دونوں برادر ممالک ہر مشکل گھڑی میں ہمیشہ ایک دوسرے کی سپورٹ کرتے ہیں ،دونوں ممالک کے تعلقات دن بدن مزید بہتر سے بہترین ہو تے چلے جا رہے ہیں۔

اس موقع پر یونس ایمرے انسٹیٹیوٹ کے سربراہ خلیل توکار کا کہنا تھا کہ ان کے ادارے کا قیام 2013 میں عمل میں لایا گیا،آج دنیا بھر کے اسی ممالک میں 90سنٹر قائم ہیں جو اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ یک جان دو قالب ہیں،دونوں برادر اسلامی ممالک میں تعلقات قیام پاکستان سے ہی قائم ہو گئے تھے جو دن بدن مضبوط سے مضبوط تر ہوتے چلے گئے،دونوں ممالک کے درمیان یہ محبت اور پیار کا رشتہ ہمیشہ قائم و دائم رہے گا۔

قبل ازیں این پی سی کے صدر اظہر جتوئی اور سیکرٹری نیئر علی نے مہمانوں کی پریس کلب آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ اظہر جتوئی نے کہا کہ نیشنل پریس کلب صرف صحافیوں کا نہیں بلکہ آپ کا بھی دوسرا گھر ہے، پاک ترکیہ دوستی مفادات سے بالا تر ہے،حالیہ پاک بھارت جنگ کے دوران ترکیہ نے پاکستان کے ساتھ کھڑے ہوکر دنیا کو واضح پیغام دیا ہے کہ دونوں برادر ممالک یک جان دو قالب ہیں۔سیکرٹری نیئر علی نے کہا کہ یہ نمائش پاکستان اور ترکیہ  کے درمیان محبت اور پیار کے لازوال جذبے کی عکاس ہے، پاکستان کی ترقی میں تیکا کا بہت بڑا کردار ہے، ترکیہ کے سفارتخانے اور تیکا کیلئےنیشنل پریس کلب کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔