سندھ میں جنگل کاقانون اور ڈاکو راج ہے، کاشف سعید شیخ

پریا کماری کے ورثاء سے ایک کروڑروپے تاوان طلب کرنے کی خبریں مراد علی شاہ حکومت کی ناکامی ہے،امیرجماعت اسلامی سندھ

جمعرات 31 جولائی 2025 20:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جولائی2025ء)جماعت اسلامی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ نے سکھر کے نواحی علاقے سنگرارسے چار سال قبل اغوا ہونے والی معصوم بچی کی بازیابی کے عوض والد سے ایک کروڑ روپے تاوان مانگے جانے کی خبروں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ بچی کی جلد بازیابی کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں اور اقلیتی برادری سمیت عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے آج اپنے ایک بیان میں کہا کہ مراد علی شاہ حکومت سندھ میں امن اور عوام کے جان و مال کے تحفظ میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔ عملی طور پر سندھ میں جنگل کاقانون اور ڈاکو راج ہے۔ سندھ میں پیسوں کے لیے لوگوں کو اغوا کرنا ایک منافع بخش کاروبار بن چکا ہے جس میں سسٹم میں شامل ہرگروہ کو اپنا حصہ مل رہا ہے۔ ڈکوئوں کے چنگل سے بازیاب ہونے والے اکثر مغوی پیسے دے کر آجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی بیٹیاں فضیلہ سرکی اور پریا کماری کئی سالوں سے لاپتہ ہیں، لیکن خاندان، سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی کے مسلسل احتجاج کے باوجود حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔