گورنر سندھ سے سول سروس اکیڈمی کے زیرِ تربیت افسران کی ملاقات

ہفتہ 2 اگست 2025 20:51

گورنر سندھ سے سول سروس اکیڈمی کے زیرِ تربیت افسران کی ملاقات
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اگست2025ء)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ نوجوان افسران ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، نوجوان افسران عوامی خدمت، ایمانداری اور شفافیت کو اپنا شعار بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سول سروس اکیڈمی کے زیرِ تربیت افسران سے گورنر ہاؤس کراچی میں ملاقات کے دوران کیا، جن میں 48ویں ایس ٹی پی-پی اے ایس اور 12ویں ڈی ایس (ایم سی ایم سی) کے افسران شامل تھے۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ نوجوان افسران کو چاہئے کہ وہ ملک و قوم کی بلاتفریق خدمت کو اپنا مشن بنائیں اور عوامی مسائل کے حل میں پیش رفت اور بروقت فیصلے یقینی بنائیں۔بعد ازاں افسران نے گورنر سندھ کے فلاحی اقدامات، بالخصوص "امید کی گھنٹی"، "راشن مارکی"، "آئی ٹی مارکی" اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح ؒکے تاریخی دفتر کا دورہ بھی کیا۔ زیرِ تربیت افسران نے گورنر سندھ کے عوامی فلاحی اقدامات کو قابلِ ستائش قرار دیا اور کہا کہ "امید کی گھنٹی" عوامی خدمت کا بہترین ماڈل ہے، جس سے عام آدمی کی زندگی میں مثبت تبدیلی آ رہی ہے۔ شرکاء نے گورنر کے عوام دوست اقدامات کو سراہا اور انہیں مستقبل میں بھی جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔