تماشا نے 2027 تک ایشیا کپ کے ایکسکلوسیو ڈیجیٹل اسٹریمنگ حقوق حاصل کر لیے

جمعرات 31 جولائی 2025 22:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) جاز کے زیرِ انتظام پاکستان کے معروف ڈیجیٹل انٹرٹینمنٹ پلیٹ فارم، تماشا، نے پاکستان میں2027 تک تمام ایشیا کپ ٹورنامنٹس کے آفیشل اور ایکسکلوسیو ڈیجیٹل اسٹریمنگ حقوق حاصل کر لیے ہیں۔ اس تاریخی معاہدے میں ایشیا کپ 2025 اور 2027 کے مردوں کے ٹورنامنٹس کے ساتھ ساتھ مردوں اور خواتین کے انڈر 19 اور ایمرجنگ ٹیمز کے ٹورنامنٹس بھی شامل ہیں، جو تقریباً 150سے زائد میچ دنوں پر مشتمل ہیں۔

یہ پاکستان میں ڈیجیٹل اسپورٹس براڈکاسٹنگ کے شعبے میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔ جمعرات کو جاری بیان کے مطابق ایشیا کپ 2025 کا آغاز 9 ستمبر کو ہو گا جس میں پاکستان، بھارت، افغانستان، بنگلہ دیش اور سری لنکا جیسی نمایاں ٹیمیں تیز رفتار ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں آمنے سامنے ہوں گی۔

(جاری ہے)

پاکستان اور بھارت کے درمیان تین ممکنہ مقابلوں اور 14 ستمبر کو پہلے میچ کے باعث شائقین کی دلچسپی عروج پر ہے۔

اس موقع پر جاز کے پریذیڈنٹ ڈیجیٹل ، عامر اعجاز نے کہاکہ یہ معاہدہ تماشا کو پاکستان کے مرکزی ڈیجیٹل اسپورٹس پلیٹ فارم کے طور پر مزید مستحکم کرتا ہے۔ ہم پرجوش ہیں کہ لاکھوں شائقین کو اعلیٰ معیار کی اسٹریمنگ کے ساتھ خطے کے سب سے دلچسپ کرکٹ ٹورنامنٹس کا بھرپور لطف فراہم کریں۔اپنے آغاز سے ہی تماشا نے پاکستان میں لائیو اسپورٹس اسٹریمنگ کو نئی جہت دی ہے، جس میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی، انگلش پریمیئر لیگ، ویمبلڈن اور اولمپکس جیسے بڑے عالمی ایونٹس کی لائیو اسٹریمنگ شامل ہے۔

اینڈرائیڈ، آئی او ایس اور اینڈرائیڈ ٹی وی پر دستیاب تماشا اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ ناظرین کہیں بھی ہوں، لائیو ایکشن کا لطف اٹھا سکیں، چاہے وہ موبائل پر ہوں یا گھروں میں بڑی اسکرین پرہو۔کھیلوں کے علاوہ تماشاکے پاس تفریح کا ایک بھرپور ذخیرہ موجود ہے، جس میں 90 سے زائد لائیو ٹی وی چینلز، پاکستانی اور بین الاقوامی فلمیں، ویب سیریز اور مختصر ویڈیوز شامل ہیں۔ 2024 میں پلیٹ فارم پر 12.5 ارب منٹ کا مواد دیکھا گیا اور 250 دنوں کی لائیو ایکشن میزبانی کی گئی۔ ایشیا کپ 2025 سے 2027 تک کے نشریاتی حقوق اپنے پورٹ فولیو کا حصہ بنانے کے بعد، تماشا ڈیجیٹل تفریح کے میدان میں اپنی برتری کو مزید مستحکم کرتے ہوئے معیار کو مسلسل بلند کر رہا ہے۔