جشن آزادی کی تقاریب کا آغاز، کمشنر ملتان ڈویژن کی چوک گھنٹہ گھر پر پرچم کشائی

جمعہ 1 اگست 2025 12:10

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2025ء) حکومت پنجاب کی ہدایت پر ملتان ڈویژن میں جشن آزادی کی تقاریب کا آغاز کر دیا ہے۔ضلعی انتظامیہ کے زیراہتمام چوک گھنٹہ گھر پر یکم اگست کے سلسلے میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی گئی۔کمشنرملتان ڈویژن عامر کریم خان اور ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے پرچم سر بلند کر کے تقریب کا آغاز کیا۔

انہوں نے ضلع کونسل ہال میں بھی پرچم کشائی کی اور دعا کرائی۔کمشنرملتان و ڈپٹی کمشنر نے سول سوسائٹی کے ہمراہ پودے بھی لگائے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنرملتان ڈویژن عامر کریم خان کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے جشن آزادی تقاریب بھرپور انداز میں منانے کا حکم دیا ہے۔جشن آزادی کے موقع پر آپریشن معرکہ حق کی فتح کا بھی جشن بھی منایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ وطن عزیز ہمارے آباو اجداد کی عظیم قربانیوں کا نتیجہ ہے۔یوم آزادی، قومی اتحاد، قربانی اور استقامت کا پیغام ہے۔یکم سے 14 اگست تک مسلسل مختلف تقاریب منعقد ہونگی۔ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عمارتوں میں چراغاں، فلوٹ اور بھرپور لائٹنگ کرے گی۔14 اگست تک تمام محکمے پرچم کشائی تقاریب اور شہداء کو خراج تحسین پیش کریں گے۔

یوم آزادی کے حوالے سے نئی نسل کو قربانیوں سے آگاہ کرنا ناگزیر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بازاروں اور مارکیٹوں کو جھنڈوں اور لائٹنگ سے سجایا جائے گا۔کمشنر وسیم ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر ریلی کی قیادت بھی کی۔انہوں نے چوک گھنٹہ گھر پر فلوٹ اور آزادی کارواں کا بھی افتتاح کیا۔اس موقع پر پی ایچ اے، کارپوریشن اور ضلع کونسل سمیت ضلعی محکموں کے افسران و اہلکاروں نے بھرپور شرکت کی۔