پاکستان اور امریکہ کے درمیان کرپٹو اور بلاک چین تعاون پر اعلیٰ سطحی پیش رفت

جمعہ 1 اگست 2025 13:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2025ء) پاک-امریکہ تعلقات کو ڈیجیٹل معیشت کے نئے دور میں داخل ہو گئی ۔وزیر مملکت برائے کرپٹو اور بلاک چین، بلال بن ثاقب، اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ڈیجیٹل اثاثہ جات پر مشاورتی کونسل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر، بو ہائنز، کے درمیان جمعہ کو ملاقات ہوئی ۔اس ملاقات میں کرپٹو پالیسی پر عالمی سطح پر ہم آہنگی اور پاکستان کے’ ویب 3 انوویشن ‘مرکز بننے کے منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی جب امریکہ نے اپنی ڈیجیٹل اثاثہ جات فریم ورک کا اجراء کیا، جو بین الاقوامی سطح پر ڈیجیٹل معیشت کے لیے ضابطہ سازی کا ایک سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر دونوں فریقین نے کرپٹو قانون سازی میں اشتراکِ عمل اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

(جاری ہے)

بلال بن ثاقب نے گفتگو میں پاکستان کی قومی کرپٹو اسٹریٹجی،واسپ لائسنسنگ فریم ورک، اور مختلف معاشی و صنعتی شعبوں میں بلاک چین ٹیکنالوجی کے اطلاق پر روشنی ڈالی۔

یہ ملاقات بلال بن ثاقب کے حالیہ دورۂ امریکہ کا تسلسل ہے، جہاں انہوں نے جون میں سینیٹر سنتھیا لُمِس، سینیٹر ٹم شیہی، سینیٹر رک اسکاٹ، نیو یارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز اور دیگر اعلیٰ امریکی حکام سے اہم ملاقاتیں کیں۔وزیر مملکت نے کہا کہ ہم پاکستان کو جنوبی ایشیاء میں کرپٹو، بلاک چین اور ویب 3 کا قائد بنانا چاہتے ہیں، اور امریکہ کے ساتھ تکنیکی، قانونی، اور اقتصادی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے خواہاں ہیں۔یہ پیش رفت پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کی تشکیلِ نو اور عالمی برادری کے ساتھ قریبی اشتراک کی جانب ایک اہم قدم ہے۔