چینی وفد کا دورہ پاکستان،میری ٹائم اور توانائی شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اتفاق

جمعہ 1 اگست 2025 15:08

اسلام آ باد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اگست2025ء)آل چائنا فیڈریشن آف انڈسٹری اینڈ کامرس (اے سی ایف آئی سی ) اور پریسائیز ڈیولپمنٹ (ہانگ کانگ) لمیٹڈ، چین کے سینئر نمائندے پاکستان کے پانچ روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ اس دورے کا مقصد پاکستان بھر میں میری ٹائم ، توانائی اور دیگر اہم شعبوں میں مختلف معاہدوں پر دستخط کرنا ہے۔

گوادر پرو کے مطابق دورہ کرنے والے وفد کی قیادت اے سی ایف آئی سی کے ڈائریکٹر یی جیانگ اور پریسائیز ڈیولپمنٹ (ہانگ کانگ) لمیٹڈ کے سی ای او ڈیوڈ چو کر رہے ہیں، جنہوں نے پاکستان میں اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کیں۔ جن میں وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انور، چیئرمین وزیرِاعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان اور وفاقی وزیر برائے توانائی اویس لغاری سمیت کئی سینئر پاکستانی حکام سے اہم ملاقاتیں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

گوادر پرو کے مطابق وزارتِ بحری امور کے ساتھ ہونے والی بات چیت میں دونوں فریقین کے درمیان پاکستان کی بڑی بندرگاہوں پر جدید جہاز سازی اور مرمت کی سہولیات کے آغاز پر اتفاق رائے ہوا۔ اس کے علاوہ، بندرگاہی علاقوں میں برآمدات پر مبنی صنعت کو فروغ دینے کے لیے مخصوص صنعتی زونز کے قیام کے منصوبوں پر بھی غور کیا گیا۔ ملاقات میں بندرگاہی نظم و نسق، جہازوں کے ڈیزائن اور دیگر سمندری ٹیکنالوجیز سے متعلق مضبوط ٹیکنالوجی کے تبادلے کے اقدامات پر بھی تفصیل سے گفتگو ہوئی۔

گوادر پرو کے مطابق ملاقات کے دوران بحری صنعتوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، اور جلد عمل درآمد کے لیے مخصوص سرمایہ کاری منصوبوں کی نشاندہی پر اتفاق کیا گیا۔ اس سلسلے میں تکنیکی ورکنگ گروپس کے قیام کی تجویز دی گئی تاکہ اسٹریٹجک بات چیت کو عملی شکل دی جا سکے۔ گوادر پرو کے مطابق رانا مشہود کے ساتھ ملاقات میں فریقین نے کاروباری سطح پر شراکت داری (B2B) کے ذریعے اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔

وفد نے پاکستان کے مختلف شعبوں خصوصاً صنعتی ترقی اور نئی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی ظاہر کی ۔ گوادر پرو کے مطابق ایک اہم پیش رفت یہ بھی تھی کہ چینی پیداواری یونٹس کو پاکستان میں قائم کرنے میں دلچسپی ظاہر کی گئی۔ فریقین نے بلاک چین ٹیکنالوجی اور کرپٹو کرنسی سسٹمز پر مل کر کام کرنے کی خواہش ظاہر کی، تاکہ دونوں ممالک عالمی ڈیجیٹل تبدیلی کے رجحانات کے ساتھ ہم آہنگ ہو سکیں۔

گوادر پرو کے مطابق ملاقات کا اختتام اس بات پر ہوا کہ باہمی بات چیت کو جاری رکھا جائے گا، اور مخصوص شعبوں کے لیے ورکنگ گروپس تشکیل دیے جائیں گے۔ آئندہ تعاون کے اہداف میں صنعتی پیداوار، توانائی، ڈیجیٹل معیشت، اور نوجوانوں کی استعداد سازی شامل ہیں۔ اس اقدام کا مقصد دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو فروغ دینا اور پاکستانی نوجوانوں کو قومی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے لیے بااختیار بنانا ہے۔

چینی نمائندوں نے پاکستان کی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول بنانے کی کوششوں کو سراہا، اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی روابط کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔گوادر پرو کے مطابق یہ دورہ اے سی ایف آئی سی کے مئی میں کیے گئے دورے کے تسلسل کا حصہ ہے، جس کے دوران 'پاک-چین انڈسٹریل انٹرپرینیور برج' کا آغاز کیا گیا تھا۔ یہ اقدام دونوں ممالک کے صنعتی و کاروباری حلقوں کو آپس میں جوڑنے والا ایک اہم پلیٹ فارم ہے، جو پاکستانی صنعتوں کو چین کے اہم تجارتی اداروں تک براہِ راست رسائی فراہم کرتا ہے اور تجارتی تعاون کو مزید فروغ دیتا ہے۔