مقبوضہ کشمیر ،محبوبہ مفتی کا کشمیری نوجوان کے جعلی مقابلے میں قتل کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ

جمعہ 1 اگست 2025 15:48

جموں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2025ء) غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے جموں کے علاقے نکی توی میں 21سالہ نوجوان پرویز احمد کے قتل کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پرویز احمد کو 24جولائی کو ستواری تھانے کی حدود میں ایک جعلی مقابلے کے دوران قتل کردیاگیاتھا۔

(جاری ہے)

محبوبہ مفتی نکی توی میں نوجوان کے گھر گئیں اور سوگوارخاندان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ پولیس کی طرف سے جعلی مقابلے میں پرویز احمد کا قتل گجربکروال برادری کے خلاف ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی ہے۔ محبوبہ مفتی نے مزید کہا کہ گجربکروال برادری کو منظم طورپرہراساں کیاجارہاہے ۔ انہوں نے نوجوان کے جعلی مقابلے میں قتل کی مذمت کرتے ہوئے اس واقعے کی فوری عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے اپنی پارٹی کی طرف سے متاثرہ خاندان کو ہرممکن مدد اور تعاون کا یقین دلایا ۔