ایل ڈی اے سٹی میں پلاٹوں کی قرعہ اندازی، فائل ہولڈرز کو پلاٹ نمبر الاٹ کر دیئے گئے

جمعہ 1 اگست 2025 20:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2025ء) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کی جانب سے ایل ڈی اے سٹی کے پلاٹوں کی پانچویں کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی ایل ڈی اے سپورٹس کمپلیکس جوہر ٹائون میں منعقد کی گئی، جس میں فائل ہولڈرز کو ان کے پلاٹ نمبر الاٹ کر دیئے گئے۔قرعہ اندازی میں ایل ڈی اے سٹی کے جناح اور چناب سیکٹر کے ایک کنال کے 74، 10 مرلہ کے 186 اور 5 مرلہ کے 299 پلاٹس شامل تھے۔

قرعہ اندازی کا عمل وائس چیئرمین ایل ڈی اے میاں مرغوب احمد اور ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل اربن پلاننگ مدثر احمد شاہ کی نگرانی میں مکمل کیا گیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے میاں مرغوب احمد نے کہا کہ اڑھائی سال بعد قرعہ اندازی کا انعقاد ایک بڑی پیش رفت ہے۔انہوں نے کہا کہ ایل ڈی اے سٹی کا مین گیٹ مکمل ہو چکا ہے جبکہ چناب روڈ کی تعمیر تکمیل کے قریب ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز کا میڈیکل سٹی کا منصوبہ ایل ڈی اے سٹی کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگا۔ ساتھ ہی انہوں نے نیلم روڈ کو ایل ڈی اے سٹی کیلئے ایک اہم منصوبہ قرار دیا اور بتایا کہ ایکسپو سینٹر سے فیروزپور روڈ تک سڑکوں کو جوڑنے کا کام جاری ہے۔ایڈیشنل ڈی جی یو پی مدثر احمد شاہ نے بتایا کہ جناح سیکٹر میں اب تک 3500 سے زائد افراد کو قبضہ دا جا چکا ہے جبکہ مختلف بلاکس میں گھروں کی تعمیر بھی جاری ہے۔

ڈائریکٹر ایل ڈی اے سٹی حفیظ اللہ نے بتایا کہ منصوبے میں انڈر گرائونڈ وائرنگ کا عمل تیزی سے جاری ہے اور جلد مزید سہولیات فراہم کی جائیں گی،شہری ایل ڈی اے کی ویب سائٹ سے اپنا پلاٹ نمبر معلوم کر سکتے ہیں۔قرعہ اندازی کا کمپیوٹرائزڈ عمل پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے مکمل کیا گیا۔ تقریب میں ایل ڈی اے کے اعلی افسران نے شرکت کی۔