ڈی آئی جی اسلام آباد کی زیر صدارت انسداد جرائم بارے اجلاس کا انعقاد

جمعہ 1 اگست 2025 20:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2025ء) ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق کی زیر صدارت جرائم کے انسداد کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد محمد شعیب خان اور ضلع بھر کے ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈی آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ سنگین جرائم میں ملوث اشتہاریوں اور سابقہ ریکارڈ یافتہ مجرمان کی گرفتاری کو یقینی بنائیں، موٹر سائیکل اور کار چوری میں ملوث متحرک گینگز کے ممبران کے خلاف کریک ڈائون کریں ،پٹرولنگ کو مزید موثر اور بامقصد بنائیں ،تمام پٹرولنگ یونٹس فیلڈ میں نظر آئیں ، غیر قانونی اسلحہ، اسلحہ کی نمائش اور منشیات فروشی میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کو یقینی بنائیں، جرائم کے انسداد کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان ومال کے تحفظ اور امن و عامہ کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات بروئے کار لائے جائیں، شہریوں کی جان و مال کی حفاظت اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے۔