فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے گریڈ 17، 18 اور 21 کے افسران کے تبادلے و تقرریاں

جمعہ 1 اگست 2025 23:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2025ء) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے گریڈ 17، 18 اور 21 کے افسران کے تبادلے اور تقرریاں کی ہیں، جبکہ دیگر گریڈز کے افسران کی پوسٹنگ کا عمل جاری ہے۔ایف بی آ ر کی طرف سے جاری اعلامیے کے مطابق یہ انتظامی ردوبدل ایف بی آر کی تنظیمی کارکردگی کو بہتر بنانے، وسائل کے بہتر استعمال کو یقینی بنانے اورمجموعی طور پر ریونیو کارکردگی کو فروغ دینے کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے۔

ان تبادلوں کا ایک اہم مقصد افسران کو مختلف آپریشنل ماحول اور ذمہ داریوں سے روشناس کرانا ہے۔ ایف بی آر کی طرف سے افسران کی جغرافیائی اعتبار سے مختلف علاقوں اور متنوع شعبہ جات جیسے آڈٹ، انفورسمنٹ اور ٹیکس پیئرز فیسلیٹیشن میں تقرری کا مقصد ایک ہمہ گیر، ماہر اور ماحول سے ہم آہنگ افسران کا کیڈر تیار کرنا مقصود ہے۔

(جاری ہے)

یہ طریقہ کار نہ صرف ادارہ جاتی استعداد کو مضبوط بناتا ہے بلکہ افسران کی پیشہ ورانہ ترقی اور کیریئر کے فروغ میں بھی معاون ہوتا ہے۔

اس کے علاوہ، یہ طریقہ ایف بی آر کے سروس کیڈرز کی وفاقی ساخت کو بھی تقویت دیتا ہے۔شفاف جانچ پڑتال کے بعد افسران کے تبادلے ان کی سابقہ کارکردگی اور ادارے کے لیے خدمات کی بنیاد پر کئے گئے ہیں ۔ میرٹ پر مبنی اس طریقہ کار کا مقصد ایف بی آر میں احتسابی عمل اور حوصلہ افزائی کے کلچر کو فروغ دینا ہے، اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے افسران کو ایسے عہدوں پر تعینات کیا جائے جہاں ان کی صلاحیتوں سے زیادہ سے فائدہ اٹھایا جا سکے ۔

ایف بی آر کا مقصد مخصوص فیلڈ فارمیشنز میں جمود کو ختم کر کے انسانی وسائل کی متوازن تقسیم کو فروغ دینا ہے۔قومی محصولات کے حصول میں فیلڈ فارمیشنز کے اہم کردار کو تسلیم کرتے ہوئے، ایف بی آر نے اعلیٰ صلاحیت اور تجربہ رکھنے والے افسران کو ایسے علاقوں میں ترجیحی بنیادوں پر تعینات کیا ہے جہاں سے زیادہ ریونیو جمع کیا جا سکتا ہے ۔ ان اہم علاقوں کو ترجیح دینا ملکی مالیاتی اہداف کے حصول، کمپلائنس ، انفورسمنٹ اور ٹیکس پیئرز فیسیلیٹیشن کو بہتر بنانے کے لیے ناگزیر ہے۔

ایف بی آر کا نئی تقرر یوں کا مقصد بہتر قیادت، نگرانی اور فیلڈ کی سطح پر کارکردگی کے ذریعے محصولات کے حصول میں اضافہ حاصل کرنا ہے۔مزید برآں، ایف بی آر نے افسران کی نئی جگہوں پر تعیناتی کے عمل میں معاونت کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کیے ہیں۔ ادارہ اپنے مقاصد کے حصول کے لیے ان تبادلوں پر عملدرآمد کے دوران اپنے عملے کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

متعلقہ عنوان :