سرگودھا میں قیام امن کیلئے اتحاد امت وقت کی اہم ضرورت ہے ،عرفان اللہ ثنائی

ہفتہ 2 اگست 2025 12:25

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اگست2025ء)سرگودھا میں قیام امن کے لیے اتحاد امت وقت کی اہم ضرورت ہے ،یہی وجہ ہے کہ سرگودھا کے تمام مکاتب فکر اور بین المذاہب کے درمیان مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کو فروغ دینے کے لئے علما کرام اور ممبران امن کمیٹی کا کردار سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ،جس میں اتحاد العلما کے امن کارواں نے محرم الحرام اور دیگر اہم مواقعوں پر اپنا بھرپور کردار ادا کیاجو اہل سرگودھا کے لئے باعث فخر ہے اورجمعیت اشاعت کے عالم دین علامہ عطا اللہ بندیالوی کی رہائی اسی اتحاد و اتفاق کا ثمر ہے۔

ان خیالات کا اظہار جمعیت اہلحدیث سٹی کے امیر عرفان اللہ ثنائی اور ناظم اعلی میاں طاہر محمود نے جامع مسجد بلاک 19 میں علما کرام،تاجران، وکلا، شہریوں اور پولیس افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا علما کرام پر زور دیا کہ آپس کے اتحاد کو مثالی بنائیں اور شہر و ضلع میں امن وامان کے لئے گلدستے کی طرح خوشبو پیدا کریں۔انہوں نے کہا کہ امن وامان کا قیام وقت کی ضرورت ہے جس میں علما کرام پر زمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ممبر و مہراب کے زریعے اتحاد امت کا درس دیں اور اپنے اندر مثالی اتحاد پیدا کر کے شہر میں امن کی فضا کو فروغ دینے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام اور ملک دشمن قوتیں امن خراب کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتیں، اس لئے ہمیں ایک دوسرے کے دست بازو بن کر عملی اتحاد اور ایک قوم کا کردار ادا کرنا ہے۔انہوں نے علما کرام تاجران اور تمام مکاتب کی محرم میں قیام امن کے لئے کاوشوں پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آج کی اس بابرکت محفل میں جس طرح تمام مکاتب فکر کے علما کرام نے محبت یگانگت بھائی چارے کی جس فضا کو فروغ دیا وہ ہمارے لئے باعث مسرت ہے،کیونکہ سرگودھا کہ تمام مکاتب فکر اور بین المذاہب کے علما کرام اور اکابرین عزم رکھتے ہیں کہ یہ شہر اور ملک ہمارا ہے اس کا امن ہمیں اپنی جانوں سے زیادہ عزیز ہے۔

مقررین نے کہا کہ عالم دین علامہ عطا اللہ بندیالوی کی رہائی ہمارے اتحاد و اتفاق کا ثمر ہے،یہاں تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علما و شہری چاہتے ہیں کہ امن قائم ہو اور اس میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے وہ کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں ۔انہوں نے شہر میں امن و امان کے لیے انتظامیہ کے اقدامات کو قابل تحسین قرار دیا اور کہا کہ ہم اتحاد و اتفاق اور بھائی چارے کو برقرار رکھنے کے لئے ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔آخر میں معززین کے اعزاز میں پرتکلف ظہرانہ دیا گیا اور ملکی استحکام، بقا، سلامتی اور بھائی چارے کی محبت کو فروغ دینے کے حوالہ سے خصوصی دعا کی گئی۔