نیشنل یوگا چیمپین شپ کے فاتحین کے اعزاز میں تقریبِ تقسیمِ انعامات

ہفتہ 2 اگست 2025 16:21

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2025ء) اسسٹنٹ کمشنر شیریں گل نے کہا ہے کہ معاشرہ سے منفی رجحانات کے خاتمہ کیلئے مثبت سرگرمیوں کا فرغ ناگزیر ہوچکا ہے، حکومت اس حوالہ سے جامع حکمت عملی کے تحت عملی اقدامات کر رہی ہے جس کے مثبت و دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے نیشنل یوگا چیمپین شپ کے فاتحین کے اعزاز میں منعقدہ تقریبِ تقسیمِ انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ کھیل کے میدان آباد کرکے ہی ہم نسل نو کو تعمیری سمت میں گامزن کر سکتے ہیں اور اس کیلئے ہمیں اجتماعی جدوجہد کرنا ہوگی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر سرگودھا صائمہ منظور نے کہا کہ حکومتی احکامات کے مطابق سرگودھا میں کھیلوں کے فروغ کو مقدم رکھتے ہوئے جامع حکمتِ عملی کے تحت عملی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے، کھیلوں کے مقابلہ جات کے اعزاز میں منعقدہ اس تقریب کا مقصد بھی یہی ہے کہ کھیلوں میں اعلیٰ کاکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کی حوصلہ افزائی اور دیگر کو بھی اس جانب راغب کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اسلام آباد میں ہونیوالی نیشنل یوگا چیمپئین شپ میں پنجاب، بلوچستان، سندھ، خیبر پختونخواہ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیرسے مختلف ٹیموں نے حصہ لیاجس میں سرگودھا نے پہلی مرتبہ حصہ لیا اور16میڈل حاصل کئے جن میں 6 گولڈ میڈل، 5 سلور میڈل اور 5 براؤن میڈل شامل ہیں، چیمپین شپ میں زینب رفیق، ابیہا قمر، ہانیہ نعم، محمد احمد، محمد حامد اور علی احمد نے گولڈ میڈل اوراُجالا، جویریہ اسماعیل، فاطمہ نعیم اور محمد علی اسحاق نے سلور میڈل جبکہ میرب رئیس، اسہمل ممتازاور محمد حامد وغیرہ نے براؤن میڈلز حاصل کئے۔

اس موقع پر یوگا ٹیم کے کوچ ظہور احمد گجر اور لیڈیز کوچ صوبیہ صادق نے ٹیم کی تیاری کے حوالہ سے کی جانے والی عملی کاوشوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آج کے بچے ہمارا کل کا مستقبل ہیں اس لئے انہیں آنے والے دور کے چیلنچز سے نبرد آزما ہونے کیلئے ہر ممکنہ اقدمات کرنا ہوں گے، بعد ازاں چیمپین شپ کے فاتحین میں کیش ایوارڈ، انعامات اور اسناد تقسیم کی گئیں۔