داؤد یونیورسٹی نے دارالسکون میں خصوصی بچوں کے ساتھ معرکہ حق اور یوم آزادی منایا

وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر ثمرین حسین ، فیکلٹی ، اسٹاف ، طلبا نے خصوصی بچوں کیساتھ دن گزارا، تحائف تقسیم کئے

ہفتہ 2 اگست 2025 22:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اگست2025ء)داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی نے دارالسکون میں خصوصی بچوں کے لیے ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کرکے معرکہ حق اور یوم آزادی کا دوسرا دن انتہائی جوش و جذبے سے منایا۔ دارالسکون کے آڈیٹوریم میں وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر ثمرین حسین (ستارہ امتیاز، تمغہ امتیاز)کے ساتھ طلبا، اساتذہ، افسران اور عملہ نے تقریب کی میزبانی کی۔

انچارج دارالسکون سسٹر کیتھرین ولسن، چیف ایگزیکٹو آفیسر سایو پریرا، ری ہیبلیٹیشن ڈیپارٹمنٹ کی سربراہ محترمہ سمیرا فاضل اور منیجر کارپوریٹ اینڈ ڈونر ریلیشنز والٹر جیمز بورنشین نے یونیورسٹی کے وفد کا استقبال کیا۔ تقریب میں 200 سے زائد خصوصی بچوں اور مختلف عمر کے افراد نے شرکت کی، جس کی مہمان خصوصی پاکستان ہندو کونسل کے سرپرست اعلی ڈاکٹر رمیش کمار کی موجودگی میں ہوئی۔

(جاری ہے)

بین المذاہب ہم آہنگی کے احترام کے لیے تقریب کا آغاز قرآن پاک کی چند آیات، بائبل اور گیتا کی تلاوت سے ہوا۔ تقریب کی خاص بات خصوصی بچوں کی طرف سے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ٹیبلو ڈسپلے تھا۔ یونیورسٹی کے طلبا اور فیکلٹی نے خصوصی بچوں میں کھلونے، کھانے اور دیگر تحائف تقسیم کرکے خوشی اور مسکراہٹیں بکھیر دیں۔ تقریب کا اختتام خصوصی بچوں کی جانب سے ثقافتی رقص پرفارمنس اور قومی گیت گا کر ہوا جس میں پاکستان کی مسلح افواج بالخصوص ایئر فورس اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

داود یونیورسٹی کے عہدیداروں نے خصوصی بچوں کے اسپیشل وارڈ کا بھی دورہ کیا اور انہیں معرکہ حق اور یوم آزادی کی خوشیوں میں شامل کرنے کیلئے ان میں تحائف تقسیم کئے ۔ داود یونیورسٹی آف انجینئرنگ نے خصوصی بچوں کے ساتھ قومی تقریب مناکر اپنے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ مرکزیت کے فروغ اور معاشرے کے پسماندہ طبقات کو ساتھ لیکر چلنا ہے ۔