سول سروسز اکیڈمی میں اقلیتی امیدواروں کیلئے نیشنل آئوٹ ریچ پروگرام کی اختتامی تقریب

ہفتہ 2 اگست 2025 20:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2025ء) سول سروسز اکیڈمی کے زیر اہتمام اقلیتی سی ایس ایس امیدواروں کے لیے نیشنل آئوٹ ریچ پروگرام کی اختتامی تقریب ہفتہ کو والٹن کیمپس لاہور میں منعقد ہوئی۔ یہ پروگرام ایک ماہ پر محیط تربیت کا اختتام تھا،جس کا مقصد پاکستان کی اقلیتی برادریوں سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کو سول سروس کے امتحانات میں کامیابی کے لیے تیار کرنا تھا۔

ملک بھر سے مسابقتی عمل کے ذریعے منتخب ہندو، عیسائی اور سکھ پس منظر سے تعلق رکھنے والے42 باصلاحیت نوجوانوں نے پروگرام میں شرکت کی۔ دوران تربیت امیدواروں کو سی ایس ایس امتحان کی تیاری، رہنمائی سیشنز، پالیسی بریفنگز، ماک ٹیسٹنگ اور قائدانہ صلاحیتوں کی ترقی جیسے شعبوں میں جامع تربیت فراہم کی گئی۔

(جاری ہے)

تقریب کی مہمان خصوصی، نیشنل کمیشن فار ہیومن رائٹس کی چیئرپرسن رابعہ جاویری آغا نے سول سروسز اکیڈمی کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارے نے ان نوجوانوں کو ایک دوسرا موقع فراہم کیا ہے جو ماضی میں نظام کا حصہ بننے سے محروم رہے۔

انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کی سول سروس میں ملک کی مکمل سماجی و ثقافتی نمائندگی ہونی چاہیے اور یہ پروگرام اسی سمت ایک مضبوط قدم ہے۔سول سروسز اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل فرحان عزیز خواجہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانوں، اساتذہ اور رہنمائوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ پروگرام آئین پاکستان کے بنیادی حقوق، اصولوں اور قراردادِ مقاصد کے عملی اطلاق کی ایک جھلک ہے۔

انہوں نے اس اقدام میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور وزیرِ اعظم آفس کے تعاون کو بھی سراہا۔ڈائریکٹر کیپیسٹی بلڈنگ ڈاکٹر شبیر اکبر زیدی نے کہا کہ نیشنل آئوٹ ریچ پروگرام صرف تربیت کا سلسلہ نہیں بلکہ ایک جامع، با مقصد سفر کا آغاز ہے جو سول سروس کو مزید نمائندہ اور شمولیتی بنانے کی طرف لے جائے گا۔انہوں نے کہاکہ حالیہ اصلاحات کے تحت خصوصی سی ایس ایس امتحان اور عمر و مواقع میں نرمی کے باوجود صرف 16 اقلیتی امیدوار کامیاب ہو سکے اور ان میں سے 14 نے 53ویں کامن ٹریننگ پروگرام میں شمولیت اختیار کی۔

ترجمان کے مطابق سول سروسز اکیڈمی اقلیتی پروگرام کی کامیاب تکمیل کے بعد بلوچستان، ضم شدہ اضلاع (سابقہ فاٹا) اور صنعتی مزدوروں کے بچوں کے لیے بھی اسی طرز کے پروگرامز شروع کرنے جا رہی ہے، جن کا آغاز رواں سال کے دوران متوقع ہے۔اختتامی تقریب میں ناروے کی سفیر سیسیلی لینڈسورک، سیکرٹری اقلیتی امور بلوچستان سعید احمد عمرانی، سیکرٹری پرائس کنٹرول پنجاب احسان بھٹہ، سیکرٹری/سی ای او پنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈ ڈاکٹر مجتبیٰ عرفات، چیف منسٹر کے اسپیشل سیکرٹری ذوالفقار علی کھرل، سیکرٹری اسپیشل ایجوکیشن پنجاب محمد خان رانجھا اور ڈائریکٹر جنرل پنجاب انسٹیٹیوٹ آف لینگویج، آرٹ اینڈ کلچر بینش فاطمہ سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔