جماعت اسلامی پاکستان اسلامی اقدار اور روایات کی پاسبان ہے، عفت سجاد

ہفتہ 2 اگست 2025 21:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2025ء) جماعت اسلامی پاکستان (جے آئی پی) کی ڈپٹی سیکرٹری جنرل عفت سجاد نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی پاکستان اسلامی اقدار اور روایات کی پاسبان ہے۔ انہوں نے یہ بات حلقہ اسلام آباد کے اجتِماعِ ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ہفتہ کو جاری ہونے والی ایک پریس ریلیز کے مطابق انہوں نے کہا کہ قیادت صرف خود کام کرنے کا نام نہیں بلکہ دوسروں کو ساتھ لے کر چلنا، انہیں تربیت دینا اور انہیں قیادت کے لیے تیار کرنا قیادت کے اوصاف میں شامل ہوتا ہے۔

اجتماع کے دوران مرکزی شوری کی رکن زبیدہ اصغر نے اقدار اور روایات کے عنوان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اوائل میں جماعت اسلامی کے کارکنوں نے جو روایات قائم کیں وہ بے مثل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے دین اسلام کی سربلندی کے لیے انتھک محنت کی، جو ہمیشہ سے ہماری جماعت کا حقیقی مشن رہا ہے۔ ان کی کوششوں کی بدولت ہی تمام عمر کے افراد ہماری اس جماعت میں شامل ہو رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دین کی بالادستی ہمارا اولین مقصد ہے اور اس کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔ سینیٹر ڈاکٹر کوثر فردوس نے گفتگو میں کہا کہ تحریک میں اپنی زندگی کے دوران انہوں نے خیرخواہانہ تنقید سے سب سے زیادہ سیکھا ہے۔ سینئر رکن عالیہ سعید نے کہا کہ وسائل اور گاڑیوں کی کمی کبھی بھی ہمارے کام میں آڑے نہیں آئی ،ہم نے ہمیشہ خلوص، قربانی اور جذبے کے ساتھ کام کیا ہے۔

علاقے کی ناظمہ قدسیہ ناموس نے ’’پلان آف ایکشن‘‘کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ واضح منصوبہ بندی کے بغیر کوئی بھی تحریک یا مشن کامیاب نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ شروع سے ہی ہمارا مشن، ویژن اور منصوبہ بندی واضح رہا ہے ، آئینی اور پرامن جدوجہد کے ذریعے اسلامی تعلیمات اور اقدارکی ترویج ہمارا ہمیشہ سے مشن رہا ہے۔ اجتماع کے دوران علاقے کی ڈپٹی ناظمہ عطیہ طیب نے اراکین کو مختصرا ًایکشن پلان کی وضاحت کی۔ اجتماع کا اختتام کارکنوں اور ان کے وفات پا جانے والے عزیزواقارب کے لیے خصوصی دعا پر ہوا۔