موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کم کرنے کیلئے شجر کاری وقت کی اہم ضرورت ہے، ڈاکٹر عمران مصطفی کھوکھر

ہفتہ 2 اگست 2025 23:40

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2025ء) پاکستان سنی تحریک جنوبی پنجاب کے صدر ڈاکٹر عمران مصطفی کھوکھر نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کم کرنے کیلئے شجر کاری وقت کی اہم ضرورت ہے،سرسبز پاکستان ہی خوشحالی کی علامت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان سنی کی جانب سے ملک گیر شجر کاری مہم کا آغاز کرتے ہوئے ہفتہ کو یہاں شاہ رکن عالم کالونی میں پودا لگا کر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عمران مصطفی کھوکھر نے کہا کہ سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد شاداب رضا نقشبندی کی خصوصی ہدایت پر پاکستان سنی تحریک کے زیر اہتمام ملک گیر شجر کاری مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سنی تحریک نے ہمیشہ وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی کیلئے مثبت کردار ادا کیا ، موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کم کرنے کیلئے شجر کاری وقت کی اہم ضرورت ہے، ہر پاکستانی اپنی ذمہ داری سمجھتے ہوئے ایک پودا ضرور لگائے۔ اس موقع پر ڈویژنل صدر خواجہ ندیم مدنی صدیقی ، چیف آرگنائزر ملک عامر علی وینس ، ڈویژنل رہنما محمد ظہیر الیاس، سٹی صدر قاری طاہر فیضی، محمد الطاف ، اللہ دتہ ودیگر موجود تھے۔