ملیالم انڈسٹری کے اداکار کلابھاون نواس کی ہوٹل سے لاش برآمد

موت کی وجوہات ابھی تک واضح نہیں ہو سکیں، پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی حتمی وجہ سامنے آئے گی

اتوار 3 اگست 2025 11:15

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2025ء)بھارت کی ملیالم فلم انڈسٹری کے معروف اداکار کلابھاون نواس 51 سال کی عمر میں چل بسے۔بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار کلابھاون نواس کی لاش کوچی کے ایک ہوٹل کے کمرے سے ملی جہاں وہ فلم کی شوٹنگ کے سلسلے میں قیام پذیر تھے۔

(جاری ہے)

رپورٹس کے مطابق کلابھاون نواس کو شیڈول کے مطابق ہوٹل کا کمرہ خالی کرنا تھا لیکن چیک آوٹ نہ ہونے پر ہوٹل اسٹاف نے کمرے کا معائنہ کیا تو وہ بے ہوش حالت میں پائے گئے۔

انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کی۔پولیس کا کہنا ہے کہ اداکار کے کمرے سے کوئی مشکوک چیز نہیں ملی تاہم موت کی وجوہات ابھی تک واضح نہیں ہو سکیں، پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی حتمی وجہ سامنے آئے گی۔واضح رہے کہ کلابھاون نواس نے 1995 میں اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا اور ہٹلر برادرز، جونیئر منڈارکے سمیت متعدد فلموں میں اپنی شاندار اداکاری سے شائقین کے دلوں میں جگہ بنائی۔