سیاسی کارکنان اور میڈیا شہریوں میں حقوق اور فرائض کی تعلیم دینے کےلئے اپنا کردار ادا کرے ، گورنر بلوچستان

اتوار 3 اگست 2025 13:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2025ء) گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ اچھی طرز حکمرانی کو یقینی بنانے سے عوام کی زندگیوں میں نمایاں آسانیاں پیدا کی جا سکتی ہیں۔ اس مقصد کے حصول کیلئے وفاقی حکومت اور صوبوں کے درمیان موثر روابط، باہمی افہام و تفہیم اور تعاون کو فروغ دینے کے ذریعے مزید خوشگوار تعلقات کو فروغ دینا وقت کا تقاضا ہے۔

حکومتی امور میں شہریوں کی فعال شرکت اچھی حکمرانی کی مضبوط بنیاد رکھتی ہے۔ اتوار کو اپنے بیان میں گورنر جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ ہم قومی اور صوبائی دونوں سطحوں پر فیصلہ سازی اور پالیسی سازی میں شہریوں کی شرکت کی حوصلہ افزائی کے حامی ہیں۔ مفاد خلق کو تمام پالیسیوں اور منصوبوں کا محور اور مرکز بنانا لازمی ہے کیونکہ عوامی رائے کو سمجھے بغیر اجتماعی مفاد کی مناسب تکمیل نہیں کی جا سکتی۔

(جاری ہے)

عوام دوست اقدامات پر عمل درآمد کر کے ہم شہریوں میں اعتماد پیدا کر سکتے ہیں اور ایک ایسا حکمرانی کا نظام تشکیل دے سکتے ہیں جو حقیقی معنوں میں لوگوں کے مفادات کو پورا کرے۔ عوامی اعتماد بڑھانے کیلئے شفافیت، ذمہ داری اور جوابدہ گورننس کے نظام کا نفاذ بہت ضروری ہے۔گورنر نے کہا کہ ہمیں ہر یونین کونسل کی سطح پر شہریوں کو ان کے خدشات اور تحفظات کو دور کرنے کیلئے قابل رسائی اور موثر شکایات کے ازالے کا طریقہ کار فراہم کرنا ہوگا۔ گورنر بلوچستان نے سیاسی کارکنوں اور میڈیا ایسوسی ایٹیڈ پرسنز پر زور دیا کہ وہ شہریوں میں حقوق اور فرائض کا احساس اجاگر کرنے اور شہری تعلیم فراہم کرنے کی بھرپور عوامی مہم چلائیں۔