ملک بھر میں کینڈی لینڈ کے زیر اہتمام انڈر 17 فٹبال ٹرائلز جاری

اتوار 3 اگست 2025 15:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2025ء) پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے گراس روٹ سطح پر فٹبال کے فروغ کے لیے کینڈی لینڈ کی مسلسل کاوشوں اور وژن کو سراہا ہے۔ ان ٹرائلز کے ذریعے ملنے والے باصلاحیت کھلاڑیوں کو پی ایف ایف کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے قومی ٹرائلز کا حصہ بنایا جائےگا۔

(جاری ہے)

قومی ٹرائلز کی نگرانی پی ایف ایف کی نامزد کوچنگ ٹیم کرے گی، جہاں سے بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو قومی انڈر 17 کیمپ کے لیے منتخب کیا جائے گا۔

اس قدم کا مقصد قومی انڈر 17 اسکواڈ کی تشکیل ہے جو کولمبو میں آئندہ ساؤتھ ایشین فٹبال فیڈریشن ساف انڈر 17 بوائز چیمپئن شپ میں پاکستان کی نمائندگی کرے گا۔ ٹورنامنٹ کے لیے حتمی اسکواڈ کا انتخاب پی ایف ایف کی ٹیکنیکل ٹیم کی جانب سے کیمپ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ پاکستان فٹبال فیڈریشن کی جانب سے منعقدہ قومی ٹرائلز کی مزید تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔