Live Updates

لاہور میں تیز ہوائوں کے ساتھ موسلادھار بارش ،سائن بورڈ ،چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق،چار زخمی

موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہو گیا ، بجلی کا ترسیلی نظام بھی متاثر ،کئی علاقوں میں گھنٹوں بجلی بند رہی چائنہ سکیم کے علاقہ سی بلاک میں سائن بورڈ گر نے سے ایک شخص موقع پر دم توڑ گیا،فوری شناخت نہ ہو سکی بادامی باغ عثمان چوک میں گھر کی چھت گرنے سے 4افراد ملبے تلے دب گئے ،ریسکیو ٹیموں نے ہسپتال منتقل کر دی

اتوار 3 اگست 2025 16:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2025ء)صوبائی دارالحکومت لاہور میں تیز ہوائوں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی جس سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، سائن بورڈ اور چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ 4زخمی ہو گئے ، بارش سے بجلی کا ترسیلی نظام بھی بری طرح متاثر ہوا ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں مال روڈ، ہال روڈ، ایبٹ روڈ، شملہ پہاڑی، لکشمی چوک، مزنگ، قرطبہ چوک، جیل روڈ، فیروزپور روڈ، کینال روڈ، ملتان روڈ، چوبرجی، سمن آباد، گلبرگ سمیت دیگر علاقوں میں تیز ہوائوں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اڑھائی گھنٹے کے دورانیہ میں اوسطاً40.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، شہر میں سب سے زیادہ بارش پانی والا تالاب میں 89 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی۔

(جاری ہے)

جیل روڈ پر 45، ایئرپورٹ 89، گلبرگ 49 ،لکشمی چوک 72، اپر مال 29، مغلپورہ 30 اور تاج پورہ میں 47 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، نشتر ٹائون 40 ، چوک ناخدا 57، فر خ آباد 45، گلشن راوی، جوہر ٹائون اور اقبال ٹائون میں 3،3 ملی میٹر ،سمن آباد 2 اور قرطبہ چوک میں 43 ملی میٹر بارش برسی۔

موسلا دھار بارش کے باعث شہر کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، کئی اہم شاہراہوں پر بھی بارش کا پانی کھڑا ہو گیا جس کی وجہ سے گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بند ہوتی رہیں ۔ بارش کے پانی کی نکاسی کے لئے واسا کا عملہ فوری متحرک ہو گیا اور کئی مقامات پر ایک گھنٹے میں بارش کا پانی نکال لیا گیا۔بارش کی وجہ سے لیسکو کا ترسیلی نظام بھی متاثر ہوا اور کئی علاقوں میں بجلی گھنٹوں بند رہی ۔

بارش کا سلسلہ تھمنے کے بعد لیسکو کے فیلڈ اسٹاف بجلی کی بحالی کے لئے کوشاں ہو گیا۔چائنہ سکیم کے علاقہ سی بلاک میں سائن بورڈ گر نے سے ایک شخص موقع پر دم توڑ گیا۔ ریسکیو 1122 کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت نہیں ہو سکی ۔ پولیس کارروائی کے بعد لاش کو مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ۔لاہور کے علاقے بادامی باغ عثمان چوک میں گھر کی چھت گرنے سے 4افراد ملبے تلے دب گئے ۔اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جنہوں نے زخمیوں کو ملبے تلے سے نکال کر طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات