Live Updates

متحدہ امن کمیٹی پشاور کے سربراہ مولانا حسین احمد مدنی کی ایم پی اے گورپال سنگھ کو مبارکباد

اتوار 3 اگست 2025 17:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2025ء) متحدہ امن کمیٹی پشاور کے سربراہ مولانا حسین احمد مدنی ایڈوکیٹ نے متحدہ امن کمیٹی خیبر پختونخوا کے نائب صدر بابا جی گورپال سنگھ کو خیبرپختونخوا اسمبلی کا رکن منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گورپال سنگھ ایم پی اے منتخب ہونا متحدہ امن کمیٹی کیلئے اعزاز ہے،جمعیت علمائے اسلام کا انہیں اقلیتی نشست پر ٹکٹ دے کر کامیاب کرانا ایک دانش مندانہ اور قابلِ تحسین فیصلہ ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے متحدہ امن کمیٹی کے نمائندہ وفد کے ہمراہ گورپال سنگھ کی رہائش گاہ پر انہیں مبارکباد دینے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

مولانا حسین احمد مدنی نے کہا کہ گورپال سنگھ کا کردار ہمیشہ بین المذاہب ہم آہنگی، قیامِ امن اور تمام مسالک کے درمیان اتفاق و اتحاد کے فروغ میں نمایاں رہا ہے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر متحدہ امن کمیٹی کے صدر حاجی فرہاد احمد صراف، نائب صدر جاوید احمد اعوان، ظفر شنواری، پرویز آفریدی، سلیم خان بابا جانی، ڈاکٹر شاہد زمان یوسفزئی، حاجی عبد الوہاب، اسد خان، حسنین مدنی اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔

نو منتخب ایم پی اے گورپال سنگھ نے متحدہ امن کمیٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوامی مسائل کے حل، بے روزگاری کے خاتمے، مہنگائی پر قابو پانے، سستے انصاف کی فراہمی اور صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فرقہ وارانہ و بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ اور غریب و مظلوم طبقات کی آواز بلند کرنے کے لیے وہ ہر فورم پر متحرک رہیں گے۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات