محب قوم کی دیگر قومیتوں سے الگ ثقافت ہے،اسلم فاروقی

پاکستان بنانے والوں کی اولادوں کی قومیت کے بارے میں غور پر خاموشی لمحہ فکریہ ہے،ایم کیو ایس سی

اتوار 3 اگست 2025 17:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2025ء)بانیان پاکستان کی اولادوں کی تنظیم محب قومی سماجی کونسل (ایم کیو ایس سی)پاکستان کے چیئرمین و محب وطن سماجی رہنما محمد اسلم خان فاروقی نے کہا ہے کہ ملک میں پاکستان کے قیام کی سالانہ تقریب کے حوالے سے تقریبات منائی جارہی ہیں جبکہ 14اگست کو 78واں جشن قیام پاکستان بھرپور قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا اور قائد اعظم، شہید ملت لیاقت علی خان، مولانا شبیر احمد عثمانی، مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح سمیت تحریک پاکستان کے تمام سرکردہ رہنماں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا جائے گا مگر افسوس اس سال بھی پاکستان بنانے والوں کی اولادوں کی قومیت کے بارے میں غور کے معاملے پر خاموشی نظر آرہی ہے جو لمحہ فکریہ ہے حالانکہ اردو بولنے والوں کو جنہیں پاکستان بنانے کے بعد ان کے اباں اجداد کی ملک سے محبت میں تاریخ انسانی کی ابتک کی سب سے بڑی تاریخی ہجرت کرنے پر حرف عام میں مہاجر کہا جاتا ہے تاہم اس لحاظ سے محب یعنی محب وطن ان کی قومیت کا تعارف بنتا ہے اور ملک میں بسنے والی مختلف قومیتوں کی طرح محب قومیت کو بھی تسلیم کیاجانا چاہیے چونکہ محب قوم کی دیگر قومیتوں سے الگ ایک ثقافت ہے ان خیالات کا اظہار اسلم خان فاروقی نے پیام پاکستان کے نو منتخب جنرل سیکریٹری سید عبد الباسط سے ایک تقریب میں ملاقات کے دوران کیا اس موقع پر سید عبد الباسط نے کہا کہ پاکستان کے قیام اور ملک کی تعمیر و ترقی میں اردو بولنے والوں کا اہم کردار ہے اور اس اعتبار سے ان کی قومیت محب قوم بہترین تعارف ہے۔