عمرکوٹ ،آرائیں اتحاد کے زیر اہتمام کرکٹ ٹورنامنٹ اختتام پذیر ہو گیا،فائنل میں حیدرآباد ٹیم کی کامیابی

اتوار 3 اگست 2025 18:10

عمرکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2025ء) آرائیں اتحاد کے زیر اہتمام کرکٹ ٹورنامنٹ کا شاندار میگا ایونٹ اختتام پذیر ہو گیا،فائنل میں حیدرآباد کی ٹیم نے کرکٹ میلہ لوٹ لیا،آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا،تفصیلات کے مطابق آرائیں اتحاد کے زیر اہتمام عمرکوٹ کے رحمت کالونی گراؤنڈ پر کھیلا جانیوالا چھ روزہ سیزن ٹو نائٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ پیر نور محمد سی سی کرکٹ کلب حیدرآباد اور واصف اسپورٹس کلب کراچی کے مابین کھیلا گیا،ٹورنامنٹ کے مہمان خصوصی چیئرمین عمرکوٹ سٹی حاجی شکیل احمد باجوہ تھے،فائنل میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پیر نور محمد کرکٹ کلب حیدرآباد نے اپنے مقررہ 8 اوورز میں سنسنی خیز بیٹنگ کرتے ہوئے چار کھلاڑی آؤٹ پر مدمقابل ٹیم کو 135 رنز کا حدف دیا۔

(جاری ہے)

جوابی بیٹنگ میں واصف اسپورٹس کلب کراچی مقررہ اوورز میں چار کھلاڑی آؤٹ پر صرف 130 رنز بنا سکی۔اس طرح یہ فائنل میچ پیر نور محمد کرکٹ کلب حیدرآباد نے پانچ رنز سے جیت لیا،حیدرآباد کی ٹیم کے کھلاڑی عبید لیفٹی مین آف دی میچ اور بیٹس مین شعبان سہتو مین آف دی سیریز جبکہ کراچی ٹیم کے اویس ڈی ایچ اے بیسٹ باؤلر اور کراچی ہی کے قاری حمید اللہ بیسٹ بیٹس مین قرار پائے۔

ٹورنامنٹ کے چیف آرگنائزر آرائیں اتحاد کے صدر سردار محمد آصف چوڑا نے مہمان خصوصی حاجی شکیل باجوہ کا دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے تعارف کرایا، اس موقع پر پی پی پی رہنما ڈاکٹر منصور باجوہ،ڈی ایس پی غلام مصطفیٰ کاچھیلو،حاجی امیر حسن خاصخیلی،حاجی قربان میمن،امجد درس،نعمان درس،ایڈوکیٹ سکندر کھوسہ،علی اختر سیال،غلام نبی جٹ بھی ان کے ہمراہ تھے،چیئرمین سٹی حاجی شکیل باجوہ ودیگر مہمانوں کی آمد پر ٹورنامنٹ کے چیف آرگنائزر سردار آصف چوڑا کی جانب سے آتش بازی کا زبردست مظاہرہ کرایا گیا جس سے رات کے وقت دن کا سماں بندھ گیا ۔

14 اگست کے حوالے سے گراؤنڈ میں قومی پرچم لہرائے گئے تھے اور گراؤنڈ کو خوبصورتی سے سجایا گیا تھا۔مہمان خصوصی نے فاتح ٹیم کے کپتان کو دو لاکھ اور رنر ٹیم کے کپتان کو ایک لاکھ روپے کے انعامات اور ٹرافیاں دیں۔اس موقع پر مہمان خصوصی حاجی شکیل باجوہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کیلئے شہر میں کھیلوں کا فروغ اور وقتافوقتاً کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد خوش آئند ہے،انہوں نے شاندار ٹورنامنٹ کے انعقاد اور انتظامات پر ٹورنامنٹ کے چیف آرگنائزر اور انتظامی کمیٹی کو مبارکباد دی اور ان کی تعریف کی،ٹورنامنٹ میں کمنٹیٹر کے فرائض پی ٹی وی اور جیو کے مایہ ناز کمنٹیٹر رانا محمد اشفاق سمیت ڈاکٹر زاہد ارائیں،صدام کپری،نذیر واہلہ اور میر جاوید تالپور نے انجام دئیے،آرائیں اتحاد کی جانب سے کرائے گئے فائنل میچ دیکھنے کیلئے ہزاروں شائقین کرکٹ گراؤنڈ پر امڈ آئے تھے۔

\378

متعلقہ عنوان :