پاکستان کا قیام ہمارے شہداء اور بزرگوں کی قربانیوں کا نتیجہ ہے، ڈویژنل سپورٹس آفیسر عطاالرحمن خان

اتوار 3 اگست 2025 18:20

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2025ء) ڈویژنل سپورٹس آفیسر عطاالرحمن خان نے کہا ہے کہ زندہ قومیں اپنے ملک کا دفاع کرنا جانتی ہیں، پاکستان کا قیام ہمارے شہداء اور بزرگوں کی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں جشن آزادی کے سلسلے میں منعقدہ میچز کے دوران کیا۔ان کا کہنا تھا کہ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ اور نیب ملتان کے زیر اہتمام ان دوستانہ میچز کا اہتمام ایک قومی اور علاقائی جذبے کی غمازی کرتا ہے ، پاکستان کی آزادی کے خلاف آج بھی باطل قوتیں اپنی سازشوں میں مصروف ہیں لیکن ہماری نوجوان نسل اپنی آزادی کی حفاظت کرنا جانتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت کے باعث ہمیں آزاد وطن نصیب ہوا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر عدنان نعیم نے کہا کہ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ اپنے قومی ہیروز اور آزادی پاکستان کے شہداء کی یاد میں ان تقریبات کا انعقاد کررہا ہے جس کا بنیادی مقصد آنے والی نسل کو آزادی کی اہمیت سے روشناس کرانا ہے۔ دریں اثنا جشن آزادی کے سلسلے میں سپورٹس کمپلیکس ملتان میں اتفاق ہاکی کلب میلسی اور سپورٹس ڈیپارٹمنٹ ہاکی اکیڈیمی کے مابین تین میچز کی سیریز کھیلی گئی جس میں ملتان اکیڈیمی نے دو ایک سے سیریز میں کامیابی حاصل کی۔ آخر میں کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔