پاکستان شاہینز کا تربیتی کیمپ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں آغاز

اتوار 3 اگست 2025 20:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2025ء) آسٹریلیا میں شیڈول ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز کی تیاری کے سلسلے میں پاکستان شاہینز نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں اپنا تربیتی کیمپ کا آغاز کردیا ہے۔ کیمپ کے پہلے روز 15 رکنی اسکواڈ میں سے آٹھ کھلاڑیوں نے ہیڈ کوچ غلام علی کی نگرانی میں ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا۔

(جاری ہے)

پہلے روز کیمپ میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں میں کپتان محمد عرفان خان، عبدالصمد، احمد دانیال، خواجہ محمد نفے، محمد غازی غوری، سعد مسعود، محمد سلمان مرزا اور یاسر خان شامل تھے۔

ٹیم کے باقی سات کھلاڑی اس وقت انگلینڈ میں پاکستان شاہینز کے دورے پر مصروف ہیں اور 7اگست کو کیمپ کا حصہ بنیں گے۔تربیتی کیمپ پانچ روز تک جاری رہے گا جس میں کھلاڑیوں کو ٹریننگ کے ساتھ ساتھ منظرنامہ پر مبنی میچز میں بھی شریک کیا جائے گا تاکہ ٹیم کو میچ کی صورتحال سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔واضح رہے کہ پاکستان شاہینز 14سے 24اگست تک آسٹریلیا کے شہر ڈارون میں ہونے والی 11ٹیموں پر مشتمل ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شرکت کریں گے جہاں انہیں سخت مقابلے کا سامنا ہو گا۔