معظم جاہ انصاری جیسے فرض شناس اور بہادر افسران کسی بھی ادارے کا فخر ہوتے ہیں، وزیر اعلیٰ میرسرفراز بگٹی

اتوار 3 اگست 2025 23:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2025ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ معظم جاہ انصاری جیسے فرض شناس اور بہادر افسران کسی بھی ادارے کا فخر ہوتے ہیں، انہوں نے بلوچستان پولیس کو نہ صرف قابل فخر قیادت دی بلکہ اپنی پیشہ ورانہ دیانت، وژن اور قربانی کے جذبے سے ادارے میں ایک نئی روح پھونکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ کہنا ہمیشہ مشکل ہوتا ہے کہ الوداع، خاص طور پر ایک ایسے شخص کو جو بلوچستان کا بیٹا ہو، جس نے اس سرزمین کی حفاظت کے لیے اپنی زندگی وقف کی ہو اور جہاں جہاں بھی خدمات انجام دیں، وہاں بلوچستان اور اس کے عوام کی عزت و تکریم میں اضافہ کیا ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان کا اور معظم جاہ انصاری کا رشتہ تقریباً پندرہ برس پر محیط ہے، اس طویل عرصے میں ان کے کردار، عزم، قیادت اور خلوص کو نہایت قریب سے دیکھا،دہشت گردی کے نازک ادوار میں، خاص طور پر وکلا کی شہادت کے سانحے میں ان کا کردار مثالی رہا۔

اُس رات کی یاد آج بھی دل میں تازہ ہے جب میں ہوم منسٹر تھا اور کوئٹہ پر خوف کی فضا چھائی ہوئی تھی، مگر معظم جاہ انصاری جیسے افسران نے استقامت اور قیادت کا مظاہرہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ آئی جی پولیس کے طور پر ان کی تعیناتی محض ایک انتظامی فیصلہ نہیں تھا بلکہ ایک اعتماد تھا، ایک ایسا اعتماد جو ذاتی مشاہدے، تجربے اور یقین پر مبنی تھا، میں نے ان سے کبھی اجازت نہیں لی، نہ ہی آمادگی پوچھی، میں نے صرف ایک فقرہ کہا: ‘See you in Quetta tomorrow’۔

کیونکہ مجھے معلوم تھا کہ وہ اس فرض سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔ وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ گزشتہ آٹھ نو ماہ میں ہمارا تعلق ایک مثالی ورکنگ ریلیشن شپ رہا، کسی ٹرانسفر، پوسٹنگ یا پالیسی پر کبھی اختلاف نہیں ہوا ان کی قیادت میں بلوچستان پولیس کے مختلف شعبوں سی ٹی ڈی، ایس او ڈبلیو، اے ٹی ایف، ٹریفک پولیس، سی آئی اے نے اپنی صلاحیتوں کو منوایا ،انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ بلوچستان پولیس میں دہشت گردی، منظم جرائم اوردیگرچیلنجز سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت موجود ہے۔

اس موقع پر ریٹائر ہونے والے آئی جی پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ہمیشہ اپنی فورس کو یہ سکھانے کی کوشش کی کہ جو رینک، اختیار یا منصب انہیں ملا ہے وہ دراصل ان کی ذمہ داریوں میں اضافہ ہے، یہ اختیار نہیں بلکہ جوابدہی کا مظہر ہے ،مجھے یقین ہے کہ بلوچستان پولیس کے نئے آنے والے سربراہ مجھ سے بہتر، زیادہ متحرک اور باصلاحیت ہوں گے اور وہ دلیری کے ساتھ بلوچستان پولیس کی قیادت کریں گے تاکہ صوبے کو اقوام عالم میں عزت و وقار حاصل ہو ۔ تقریب کے اختتام پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے آئی جی پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری اور سلیم احمد لہڑی کو سوئینر اور یادگار شیلڈ دی۔