پولیس لائن بٹگرام میں یوم شہدا پولیس کے حوالے سے تقریب

پیر 4 اگست 2025 17:12

بٹگرام (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2025ء) پولیس لائن بٹگرام میں یوم شہداپولیس کے حوالہ سے تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر بٹگرام اشتیاق احمد نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بٹگرام محمد ایاز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بٹگرام، مختلف سیاسی وسماجی شخصیات، ٹریڈ یونین کے عہدیداروں، پولیس افسران اور صحافیوں نے بھی شرکت کی اور پولیس شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بٹگرام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک اور عوام کے لئے پولیس نے جو قربانیاں دیں ہیں اس کی مثال نہیں ملتی، پولیس واحد فورس ہے جو ہر حال میں ملک و قوم کی خدمت میں پیش پیش ہے اور جن جوانوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے رہتی دنیا تک انہیں سنہرے حروف میں یاد رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم سب کو پولیس شہدا پر فخر ہے، بٹگرام پولیس کے شہدا دہشت گردوں کی راہ میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار بنیں اور اپنی جانیں قربان کیں ۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ بھی جب ملک و قوم کو قربانی کی ضرورت پڑی تو پولیس فورس ہمہ وقت ہر قسم کے حالات سے نمٹنے کے لئے تیار ہے، ہمارا مورال بلند ہے اور اپنے فرائض سے غافل نہیں۔ تقریب کے آخر میں شہدا کے ورثا میں تخائف تقسیم کئے گئے اور ڈسٹرکٹ خطیب مولانا شاہد نے پولیس شہدا کے بلند درجات کےلئے اجتماعی دعا بھی کرائی۔

متعلقہ عنوان :