حیسکو ٹنڈو محمد خان کے ملازمین کی جانب سے واپڈا کی ممکنہ نجکاری کے خلاف گرڈ اسٹیشن چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا

پیر 4 اگست 2025 17:49

ٹنڈو محمد خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2025ء)پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین (سی بی ای)آپریشن ڈویژن حیسکو ٹنڈو محمد خان کے ملازمین کی جانب سے واپڈا کی ممکنہ نجکاری کے خلاف گرڈ اسٹیشن چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاج میں بڑی تعداد میں ملازمین نے شرکت کی اور نجکاری کے فیصلے کے خلاف شدید نعرے بازی کی اس موقع پر ڈویژنل چیئرمین زاہد علی کھوسو، چیئرمین سب ڈویژن 2 محمد یونس نظامانی، ڈویژنل سیکریٹری عبدالعزیز میمن، چیئرمین سب ڈویژن 1 رشید احمد میمن، چیئرمین بلڑی شاہ کریم سجاد علی سٹھیو، چیئرمین ڈویژن ماجد علی سرھیو، ڈویژنل وائس چیئرمین ارجن کمار، سیکریٹری سب ڈویژن 1 فیاض علی میمن، سیکریٹری سب ڈویژن 2 عابد علی ہالیپوٹو، سیکریٹری بلڑی شاہ کریم میر عامر علی ٹالپر اور جوائنٹ سیکریٹری سب ڈویژن 1 میر ظہیر ٹالپر اور یونین کے دیگر عہدیداروں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے واپڈا سمیت بجلی کے دیگر اداروں کی نجکاری ایک ملک دشمن منصوبہ ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

نجکاری نہ صرف ملازمین کے روزگار کے لیے خطرہ ہے بلکہ اس سے صارفین کو مہنگی بجلی اور خراب سروس کا سامنا بھی کرنا پڑے گا حکومت کے ظالمانہ فیصلوں کے خلاف ہم نے حکمت عملی طے کر لی ہے اور ہم کسی صورت واپڈا کی نجکاری نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے نجکاری کا فیصلہ واپس نہ لیا تو ملک بھر میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔ واپڈا کی نجکاری کا مقصد بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو دائرہ پہنچانا ہے کچھ خاندانوں نے ملک کو شدید نقصان پہنچایا ہے اور اب وہ واپڈا کی نجکاری چاہتے ہیں ان کے عزائم ناکام بنانے کے لئے ہم پرعزم ہیں