باجوڑ ،یوم شہدائے پولیس نہایت عقیدت و احترام سے منایا گیا،مختلف تقریبات کا انعقاد ،مشن جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ

پیر 4 اگست 2025 23:01

باجوڑ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2025ء)صوبے کے دیگر اضلاع کی طرح ضلع باجوڑ میں بھی 4 اگست یوم شہدائے پولیس خیبرپختونخوا نہایت عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ اس موقع پر ضلعی پولیس کے زیر اہتمام مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا جن میں پولیس شہداء کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔تقریبات میں پولیس افسران و جوانوں کے ساتھ ساتھ شہداء کے لواحقین، معززین علاقہ، مختلف مکاتب فکر کے افراد اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بھرپور شرکت کی۔

شہداء کی قبروں پر پھول چڑھائے گئے، فاتحہ خوانی کی گئی اور ان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔دن کا آغاز پولیس لائن باجوڑ کی مسجد میں قرآن خوانی سے ہوا، جس میں پولیس شہداء سمیت تمام شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

(جاری ہے)

بعد ازاں ایس پی انویسٹی گیشن باجوڑ نوید اقبال اور دیگر پولیس افسران نے یادگار شہداء پر حاضری دی، سلامی دی، پھول چڑھائے اور اجتماعی دعا کا اہتمام کیا۔

یوم شہداء کے حوالے سے مرکزی تقریب جرگہ حال سول کالونی خار میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں سول انتظامیہ، پولیس افسران، شہداء کے ورثاء، صحافی برادری، معززین علاقہ اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے کیا گیا، جس کے بعد شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے خصوصی تقاریر کی گئیں۔ مقررین نے خیبرپختونخوا خصوصاً باجوڑ پولیس کے جوانوں کی لازوال قربانیوں کو زبردست انداز میں سراہا اور کہا کہ پولیس کے شہداء نے قیامِ امن اور عوامی تحفظ کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، جن کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پولیس شہداء کے مشن کو زندہ رکھا جائے گا اور ان کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔تقریب کے اختتام پر شہداء کے بچوں کو تحائف پیش کیے گئے، جبکہ علاقائی امن و استحکام اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی۔ اس موقع پر پولیس شہداء کے مشن کو جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔