یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئز خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام صوبہ بھر میں تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا

پیر 4 اگست 2025 20:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2025ء) یومِ استحصالِ کشمیر کی مناسبت سے آج 5 اگست کو ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز خیبرپختونخوا اور اس کے تمام ضلعی دفاتر کے زیر اہتمام صوبہ بھر میں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔اس دن کی مناسبت سے محکمہ کے تمام دفاتر میں کشمیری مسلمانوں سے یکجہتی کے اظہار کے طور پر بینرز آویزاں کیے جائیں گے۔

جبکہ ضلعی سطح پر ریلیوں، تقاریب، سیمینارز اور جلسوں کے انعقاد میں بھی یوتھ دفاتر کے افسران اور اہلکار بھرپور شرکت کریں گے۔یومِ استحصالِ کشمیر منانے کا مقصد عالمی برادری کو یہ باور کرانا ہے کہ 5 اگست 2019 کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدام کو کشمیری عوام تسلیم نہیں کررہے اور پاکستانی عوام اپنے کشمیری بھائیوں کی اخلاقی،سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر یوتھ افیئرز خیبرپختونخوا ڈاکٹر نعمان مجاہد کی جانب سے اس ضمن میں تمام ضلعی دفاتر کو خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں جن کے تحت تمام ذیلی دفاتر اپنے اپنے علاقوں میں بھرپور سرگرمیاں منعقد کریں گے اور نوجوان کشمیری بھائیوں سے اظہارِ یکجہتی کیلئے منعقدہ سرگرمیوں میں شرکت کریں گے۔