ضلع جہلم ویلی میں حفاظتی ٹیکہ جات کی افادیت کے لیے ہمہ جہت آگاہی سیشن

پیر 4 اگست 2025 21:10

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2025ء) ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرڈاکٹر طاہر رحیم مغل کی سربراہی میں ضلع جہلم ویلی میں معمول کی حفاظتی ٹیکہ جات کی افادیت، سماجی اہمیت اور کمیونٹی شمولیت کو فروغ دینے کے لیے ایک ہمہ جہت آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ا ٓگاہی سیشن میں چئیرمین ضلع کونسل طیب منظور کیانی نے خصوصی شرکت کی اس کے علاوہ ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت عامہ، میڈیا، قبائلی عمائدین، مذہبی اسکالرز، صحافیوں، اساتذہ، سول سوسائٹی اور مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے مؤثر کمیونٹی رہنماؤں نے بھرپور شرکت کی۔

سیشن کو ایک کمیونٹی انگیجمنٹ پلیٹ فارم کے طور پر ڈیزائن کیا گیا، جس میں عوامی نمائندگان اور مقامی رہنماؤں کی آراء کو سنا گیا، ان کے تحفظات پر بات کی گئی، اور باہمی اعتماد و اشتراک کو فروغ دیا گیا۔

(جاری ہے)

اس اقدام نے سماجی ہم آہنگی اور صحت کے شعبہ میں عوامی اعتماد کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا۔ ڈاکٹر طاہر رحیم مغل ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اور ای پی آئی ٹیم اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹریننگ میڈم قراہ العین، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سرویلنسں عبدالجبار لون، ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹ ویکسینیشن ابرار سرور عباسی نے ویکسین سے بچاؤ کے قابل بیماریوں جیسے پولیو، خسرہ، ڈفتھیریا، تشنج، ہیپاٹائٹس بی اور نمونیا وغیرہ کے بارے میں مفصل آگاہی دی۔

شرکاء کو بچوں کی مکمل اور بروقت ویکسینیشن کی ناگزیر اہمیت پر بریفنگ دی گئی۔ والدین اور کمیونٹی کو ویکسینیشن مہمات میں فعال کردار ادا کرنے کی ترغیب دی گئی۔اس موقع پر پرونشل پروگرام برائے ای پی آئی کی موثر حکمت عملی، ضلعی سطح پر مانیٹرنگ اور ٹیکنیکل سپورٹ کو سراہا گیا۔عالمی شراکت دار اداروں بشمول ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او)، یونیسف، گاوی اور دیگر تکنیکی و مالی معاونین کی خدمات کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

ان اداروں کی مسلسل معاونت سے نہ صرف وسائل کی فراہمی ممکن ہوئی بلکہ ہیلتھ ورکرز کی تربیت، کمیونٹی انگیجمنٹ اور صحت عامہ میں بہتری کے کئی دروازے کھلے۔مزید برآں، اجلاس میں 15 تا 27 ستمبر 2025 کو ہونے والی ایچ پی وی سرویکل کینسر ویکسینیشن مہم سے متعلق بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس مہم کے تحت 9 تا 14 سالہ بچیوں کو حفاظتی ٹیکہ جات فراہم کیے جائیں گے۔

مذہبی، قبائلی اور تعلیمی رہنماؤں نے مہم کی مکمل حمایت کا اظہار کیا اور معاشرے کی سطح پر اس پیغام کو عام کرنے کا عزم ظاہر کیا۔سیشن کے آخر میں شرکاء کے سوالات لیے گئے جن کے تسلی بخش جوابات دئیے گئے، جس سے آگاہی، شفافیت اور باہمی اعتماد کو مزید تقویت ملی۔یہ سیشن ضلع جہلم ویلی میں صحت عامہ کے فروغ، کمیونٹی شراکت داری، بین الادارہ جاتی ہم آہنگی اور سماجی روابط کو مضبوط بنانے کی ایک کامیاب اور قابل تقلید مثال کے طور پر سامنے آیا۔

متعلقہ عنوان :