پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر سطح پر ان کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گی، ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی

منگل 5 اگست 2025 00:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) مشیر برائے ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ بلوچستان ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے 5 اگست یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ 5 اگست کا دن بھارتی ریاستی جارحیت اور انسانی حقوق کی سنگین پامالی کا سیاہ دن ہے، جب بھارت نے یکطرفہ طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کو ختم کر کے کشمیری عوام کے بنیادی حقوق غصب کیے انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کی جانب سے کشمیریوں کو ان کی شناخت، آزادی اور سیاسی حقوق سے محروم کرنے کی کوششیں نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں بلکہ خطے کے امن و استحکام کے لیے بھی شدید خطرہ ہیں، ڈاکٹر ربابہ بلیدی نے کہا کہ خواتین اور بچوں سمیت کشمیری عوام کو بھارتی قابض افواج کے مسلسل ظلم، جبر اور تشدد کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

اقوامِ عالم کو چاہیے کہ وہ کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی حمایت میں واضح اور عملی اقدامات کریں انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر سطح پر ان کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گی۔ یومِ استحصالِ کشمیر ہمیں یاد دلاتا ہے کہ مظلوم کشمیری آج بھی انصاف کے منتظر ہیں اور اْن کے زخم آج بھی تازہ ہیں۔