چند ممالک مختلف سیاسی ایجنڈوں اور مفادات کی تکمیل کے لئے غزہ کی جنگ کو دانستہ طول دے رہے ہیں، فلسطینی وزارت خارجہ

منگل 5 اگست 2025 10:50

مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) فلسطین نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بین الاقوامی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریاں سنبھالے اور غزہ میں اسرائیل کی جانب سے جاری فلسطینیوں کی نسل کشی کو روکنے کے لیے فوری جنگ بندی نافذ کرے۔ العربیہ اردو کے مطابق یہ بات فلسطین کی کی وزارتِ خارجہ نے گزشتہ روز ایکس پر بیان میں کہی۔

وزارت نے سلامتی کونسل پر زور دیا کہ وہ فلسطینیوں کے خلاف نسل کشی، نقلِ مکانی اور الحاق کے اسرائیلی جرائم کو روکے اور اقوامِ متحدہ کی حالیہ کانفرنس کے نتائج نافذ کرے جس میں جاری اسرائیلی جنگ ختم کرنے کے لئے دو ریاستی حل کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ وزارتِ خارجہ نے خبردار کیا کہ غزہ میں20لاکھ سے زیادہ فلسطینی موت کے ایک کنوئیں میں رہ رہے ہیں جہاں وہ قتل، فاقے، پانی کی قلت، ادویات اور علاج اور تمام بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہیں۔

(جاری ہے)

فاقوں نے غزہ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے جو ماہرین کے مطابق قحط کے دہانے پر ہے۔ فلسطینی وزارتِ خارجہ نے سلامتی کونسل کے بعض ارکان کے کردار پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ چند ممالک مختلف سیاسی ایجنڈوں اور مفادات کی تکمیل کے لئے جنگ کو دانستہ طول دے رہے ہیں۔ وزارت نے مزید کہاکہ سرائیلی محاصرے اور بجلی کی بندش ختم کرنے کے لئے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے ارکان کا غزہ کا دورہ کرنا ضروری ہے۔ وزارت نے کہا کہ جنگ بندی کے نفاذ میں تاخیر سے صرف ہمارے لوگوں کی جبری نقلِ مکانی کے منصوبے کو ہی فائدہ ہو گا۔واضح رہے کہ غزہ میں اسرائیلی حملوں میں اب تک 60,839 فلسطینی شہید اور 149,588 زخمی ہو چکے ہیں۔