ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کی زیر صدارت ٹینری زون میں ٹینریوں کی منتقلی اور متعلقہ سہولیات کے حوالے سے اجلاس

منگل 5 اگست 2025 11:17

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی کی زیر صدارت ٹینری زون میں ٹینریوں کی منتقلی اور متعلقہ سہولیات کے حوالے سے اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ مقررہ ٹائم لائن کے اندر زون میں منتقلی نہ کرنے والی 137 ٹینریوں کو سیل کر دیا گیا ہے، جبکہ 15 ٹینریاں ٹینری زون مکمل طور پر فنکشنل ہو چکی ہیں۔

مزید یہ کہ آئندہ 15 دن میں زیر تعمیر 33 ٹینریاں بھی فنکشنل ہو جائیں گی۔ اس دوران، ایفولینٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ بھی اپنی سروس کا باقاعدہ آغاز کر دے گا جو صنعتی فضلہ کو ماحولیاتی تقاضوں کے مطابق صاف کرے گا۔ ڈپٹی کمشنرنے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ ٹینری زون نہ صرف ایک ماحول دوست منصوبہ ہے، بلکہ اس کی کامیاب تکمیل سے معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور لیدر پراڈکٹس کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب اس منصوبے کو کامیاب بنانے کے لیے نہ صرف تمام ضروری وسائل فراہم کر رہی ہے بلکہ مائیکرو لیول پر منصوبہ بندی کر کے ہر ممکن تکنیکی و انتظامی معاونت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔اجلاس میں ٹینری ایسوسی ایشن، محکمہ ماحولیات اور گیپکو کے مقامی حکام نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے گیپکو حکام کو ہدایت کی کہ گرڈ سٹیشن کے قیام اور بجلی کی بلاتعطل ترسیل کے لیے مکمل تعاون فراہم کیا جائے تاکہ زون میں ٹینریوں کے آپریشن کو موثر بنایا جا سکے۔