ٹی ایم او الائی کا مختلف مقامات کا دورہ ،ڈینگی لاروا کے خاتمہ کے لئے کارروائیوں کا جائزہ لیا

منگل 5 اگست 2025 15:43

بٹگرام (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) تحصیل میونسپل آفیسر الائی الطاف حسین نے الائی بازار، ویگن اڈہ اور بنہ بازار کا دورہ کیا اور ڈینگی لاروا کے خاتمہ کے لئے کارروائیوں کا جائزہ لیا۔ اس دوران پانی سے بھرے پرانے ٹائر تلف کئے گئے جبکہ مختلف مقامات پر پانی کی نکاسی اور سپرے کے ذریعہ لاروا کا مکمل خاتمہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈینگی لاروا کے خاتمہ بارے عوامی شعور اجاگر کرنے کے لئے دکانداروں اور ٹرانسپورٹ ورکرز کے ساتھ آگاہی سیشنز کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں صفائی، پانی کے ذخیرے کے مناسب طریقہ اور ڈینگی سے بچائو کے عملی اقدامات پر روشنی ڈالی گئی۔ علاوہ ازیں اہم مقامات پر ڈینگی سے بچائو سے متعلق پوسٹرز آویزاں کئے گئے تاکہ عام شہری بھی اس مہم میں شامل ہو سکیں۔ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ڈینگی سے بچائو کے لئے اپنے گھروں، دکانوں اور ارد گرد کے ماحول کو صاف رکھیں، کھلی جگہوں پر پانی کوجمع نہ ہونے دیں اور صحت عملے کے ساتھ بھرپور تعاون کریں ۔