پی ٹی آئی احتجاج‘ راولپنڈی میں سکیورٹی سخت، 10 اگست تک دفعہ 144 نافذ

مختلف مقامات پر سکیورٹی کی بھاری نفری تعینات، ٹریفک کی سخت چیکنگ

منگل 5 اگست 2025 16:09

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2025ء)پی ٹی آئی کے ممکنہ احتجاج کے تناظر میں وفاقی دارالحکومت کے جڑواں شہر راولپنڈی میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق شہر میں 10 اگست تک دفعہ 144 نافذ ہے، جس کے تحت ہر قسم کی احتجاجی ریلیوں، لاؤڈ اسپیکر کے استعمال اور مظاہروں پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

مری روڈ سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کی جا رہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مریڑ چوک، لیاقت باغ، کمیٹی چوک، رحمان آباد، ڈبل روڈ اور فیض آباد جیسے حساس مقامات پر بھی اضافی فورس تعینات کی جائے گی جب کہ مختلف چوراہوں پر قیدی وین بھی کھڑی کر دی جائیں گی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی ممکن ہو۔

(جاری ہے)

اڈیالہ روڈ پر مختلف مقامات پر پولیس نے ناکے لگا دیے ہیں اور جیل کی جانب جانے والی ٹریفک کی سخت چیکنگ کی جا رہی ہے۔

اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر 5 پر بھی پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے تاکہ امن و امان کی صورت حال کو قابو میں رکھا جا سکے۔واضح رہے کہ آج بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے ملاقاتوں کا دن بھی ہے، جس کے باعث سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی اجازت نہیں دی جائے گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔